آئی پی ایل 2020: ممبئی انڈینز نے اچھی بلے بازی کی، آج کا دن ہمارا نہیں تھا، وراٹ کوہلی

کوہلی نے کہا کہ یہاں بلے بازی کرتے تھوڑا عجیب لگ رہا تھا۔ ہم جو بھی شاٹ لگا رہے تھے وہ فیلڈروں کے ہاتھ میں جا رہی تھی۔ انہوں نے بالکل سٹیک جگہ پر بولنگ کی اور ہمیں 20 رن کم بنانے دیئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ابو ظہبی: آئی پی ایل 2020 کے 48 ویں مقابلہ میں ممبئی انڈینز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو پانچ وکٹ سے شکست دی۔ اس ہار کے ساتھ ہی رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم پوئنٹس ٹیبل میں پہلا مقام حاصل کرنے سے چوک گئی۔ اگرچہ وہ اب بھی دوسرے مقام پر ہے، تاہم اسے پلے آف میں پہنچنے کے لئے اپنے بقیہ دو میچوں کو ہر حال میں جیتنا ہوگا۔

ممبئی سے ملی ہار کے بعد آر سی بی کے کپتان وراٹ کوہلی کافی مایوس نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ان کا نہیں تھا اور ممبئی انڈینز نے انہیں 20 رنز کم بنانے دیئے۔ اپنے بیان میں کوہلی نے کہا، ’’یہاں بلے بازی کرتے تھوڑا عجیب لگ رہا تھا۔ ہم جو بھی شاٹ لگا رہے تھے وہ فیلڈروں کے ہاتھ میں جا رہی تھی۔ انہوں نے بالکل سٹیک جگہ پر بولنگ کی اور ہمیں 20 رن کم بنانے دیئے۔ ہم نے پھر بھی انہیں اچھا چیلنج دیا۔‘‘


کوہلی نے مزید کہا، ’’آج رات ہم نے سوچا تھا کہ گیند جلدی سوئنگ کرے گی اس لئے ہم کرس مورس اور ڈیل اسٹین کو لے کر آئے۔ اس کے بعد ہم واشنگٹن سندر کے ساتھ گئے۔ میچ کافی چیلنجنگ تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے (ممبئی انڈینز) بہترین بلے بازی کی۔

خیال رہے کہ آر سی بی نے اس میچ میں پہلے بلے بازی کرنے کے بعد 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 164 رن بنائے تھے۔ اس کے جواب میں ممبئی انڈینز نے 19.1 اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر ہدف کو حاصل کر لیا۔


اس جیت کے ساتھ ہی ممبئی کے اب 16 پوائنٹس ہو گئے ہیں اور اس کا پہلے آف کے لئے کوالیفائی کرنا تقریباً طے مانا جا رہا ہے۔ ممبئی کی اس جیت کے ہیرو رہے سوریہ کمار یادو، جنہوں نے 43 گیندوں میں ناقابل شکست 79 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔ اس دوران انہوں نے 10 چوکے اور تین چھے لگائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔