آئی پی ایل میچ نمبر 6: پنجاب کے سامنے کوہلی کی کپتانی والی بنگلور چاروں خانے چت ، 97 رنوں سے شکست فاش

پنجاب کے کپتان کے ایل راہل نے 69 گیندوں پر 132 رنوں کی اننگ کھیلی تھی اور بنگلور کی پوری ٹیم 17 اوور میں محض 109 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

آئی پی ایل 2020 کے چھٹے مقابلے میں آج لوگ امید لگائے بیٹھے تھے کہ رنوں کی زوردار بارش دیکھنے کو ملے گی، لیکن جس ٹیم سے زیادہ امیدیں لگائی گئی تھیں اس نے ہی دھوکہ دے دیا۔ کنگز الیون پنجاب اور رائل چیلنجرس بنگلور کے درمیان کانٹے کی ٹکر کا اندازہ کرکٹ شیدائی لگا رہے تھے لیکن کے ایل راہل کی کپتانی والی ٹیم پنجاب کے 206 رنوں کا پیچھا کرتے ہوئے وراٹ کوہلی کی کپتانی والی بنگلور کی ٹیم 17 اوور میں محض 109 رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔

پنجاب کی طرف سے جو دھماکہ دار بلے بازی مین آف دی میچ کے ایل راہل (132 رن) نے کھیلی تھی، اس کا ذرہ برابر بھی عکس بنگلور کے کسی کھلاڑی نے نہیں دکھایا۔ پہلے تو گزشتہ میچ میں لاجواب نصف سنچری بنانے والے پڈکل ہی 2 گیندوں پر 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، پھر دوسرے اوور میں محمد سمیع فلپی کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ بنگلور کے شیدائیوں کو سب سے بڑا جھٹکا تو تب لگا جب کپتان وراٹ کوہلی انتہائی خراب شاٹ کھیلتے ہوئے محض 1 رن بنا کر چلتے بنے۔ جب کوہلی آؤٹ ہوئے تو اس وقت ٹیم کا اسکور 2.4 اوور میں 4 رن پر 3 وکٹ ہو چکا تھا۔


اس کے بعد ایرون فنچ اور اے بی ڈیویلیرس نے دو چار اچھے شاٹ لگائے لیکن فنچ (20 رن) بھی 8ویں اوور میں روی بشنوئی کی گگلی پر بولڈ ہو گئے۔اس کے فوراً بعد 9ویں اوور میں ڈیویلیرس (28 رن) بھی مروگن اشون کی گیند پر سرفراز خان کو کیچ دے بیٹھے۔ شیوم دوبے (12 رن) اور واشنگٹن سندر (30 رن) شروع میں اچھا کھیلتے ہوئے نظر آئے، لیکن جلد ہی یہ دونوں بھی آؤٹ ہو گئے۔ امیش یادو (0 رن)، نودیپ سینی (6 رن) اور یجویندر چہل (1 رن) نے بھی اپنا وکٹ خراب شاٹ کھیل کر گنوا دیا۔

آج پنجاب کی طرف سے گیندبازی بہت اچھی ہوئی اور اس کی تعریف کمنٹیٹروں نے بھی خوب کی۔ پہلے تو شیلڈن کوٹریل نے دو اوور میں 2 وکٹ نکال کر بنگلور کو مشکل میں ڈال دیا تھا، اور پھر محمد سمیع نے بھی اپنے پہلے ہی اوور میں ایک وکٹ لے لیا، اس کے بعد اسپنروں نے بھی اچھی گیندبازی کی۔ کوٹریل نے 3 اوور میں 17 رن دے کر 2 وکٹ لیے، محمد سمیع نے 3 اوور میں 14 رن دے کر 1 وکٹ لیا، جمی نیشم نے 2 اوور میں 13 رن دے کر کوئی وکٹ نہیں لیا، روی بشنوئی نے بہترین گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوور میں 32 رن دے کر 3 وکٹ لیے، مروگن اشون نے بھی 3 اوور میں 21 رن دے کر 3 وکٹ لیے، اور میکسویل نے 2 اوور میں 10 رن دے کر 1 وکٹ لیا۔


اس سے قبل کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پنجاب کو بلے بازی کی دعوت دی تھی، اور اس کا فائدہ پنجاب کے کپتان کے ایل راہل نے خوب اٹھایا۔ وہ مینک اگروال کے ساتھ سلامی باز کے طور پر میدان میں اترے تھے اور آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔ انھوں نے محض 69 گیندوں پر 7 چھکّے اور 14 چوکے کی مدد سے 132 رنوں کی تیز طرار اننگ کھیلی۔ مینک اگروال (26 رن)، نکولس پورن (17 رن)، گلین میکسویل (5 رن) یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے لیکن راہل دوسری طرف تیزی کے ساتھ رن بناتے رہے۔ حالانکہ 18ویں اوور میں راہل کے دو کیچ چھوٹے اور دونوں ہی کیچ بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی سے چھوٹے۔ کرون نایر 8 گیندوں پر 15 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جہاں تک بنگلور کی گیندبازی کا سوال ہے، شیوم دوبے نے لاجواب گیندبازی کا مظاہرہ کیا اور انھوں نے 2 اوور میں محض 10 رن دے کر 2 وکٹ لیے تھے، لیکن تیسرے اوور میں انھوں نے 23 رن دے دیے اور کوئی وکٹ بھی نہیں لیا۔ یجویندر چہل نے 4 اوور میں 25 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا، سینی نے 4 اوور میں 37 رن دے کر کوئی وکٹ نہیں لیا، واشنگٹن سندر نے 2 اوور میں 13 رن دے کر کوئی وکٹ نہیں لیا، ڈیل اسٹین نے 4 اوور میں 57 رن خرچ کر کوئی وکٹ نہیں لیا اور امیش یادو بھی 3 اوور میں 35 رن دے کر خالی ہاتھ رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Sep 2020, 11:31 PM