آئی پی ایل میچ نمبر 41: بمراہ-بولٹ نے توڑ دی چنئی کی کمر، ممبئی کو ملا 115 رن کا ہدف

ممبئی انڈینز کے کپتان کیرون پولارڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا اور پہلے بمراہ و بولٹ نے آدھی ٹیم کو پویلین پہنچایا، پھر راہل چاہر نے کپتان دھونی کو آؤٹ کر کے چنئی کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

آئی پی ایل سیزن 13 کے 41ویں میچ میں آج مقابلہ ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان تھا اور امید کی جا رہی تھی کہ مقابلہ دلچسپ ہوگا کیونکہ سیزن 13 کے پہلے مقابلہ انہی دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں چنئی نے فتح کا پرچم لہرایا تھا۔ لیکن ایسا کچھ ہوتا ہوا محسوس نہیں ہو رہا ہے کیونکہ جسپریت بمراہ اور ٹرینٹ بولٹ نے چنئی پاور پلے میں ہی چنئی کی بلے بازی کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ سیم کرن نے کسی طرح ٹیم کا اسکور 100 کے پار پہنچانے میں کامیابی حاصل کی۔ سیم کے شاندار 52 رنوں کی بدولت چنئی 20 اوور میں 9 وکٹ کے نقصان پر 114 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ گویا کہ ممبئی انڈینز کے سامنے جیت کے لیے 115 رنوں کا ہدف رکھا، جو کہ کسی بھی لحاظ سے مشکل نہیں کہا جائے گا۔

ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما آج کے میچ میں نہیں کھیل رہے ہیں اور اس کی وجہ سے ٹیم کی کپتانی کیرون پولارڈ نے کی۔ انھوں نے ٹاس جیت کر آج گیندبازی کا فیصلہ کیا جسے ان کے گیندبازوں نے پوری طرح درست ثابت کیا۔ پہلے ہی اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے رتوراج گائیکواڈ (صفر) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا، اور پھر اگلے اوور میں جسپریت بمراہ نے دو لگاتار گیندوں پر امباتی رائیڈو (2 رن) اور نارائن جگدیسن (صفر) کو پویلین بھیج کر چنئی کے سامنے مشکلیں کھڑی کر دیں۔ چنئی کے کپتان دھونی کے لیے پریشانیاں یہیں ختم نہیں ہوئیں۔ ٹرینٹ بولٹ کے دوسرے اوور میں فاف ڈوپلیسی (1 رن) آؤٹ ہوئے اور پھر بولٹ نے ہی رویندر جڈیجہ کو بھی 7 رن کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ اس وقت چنئی کا اسکور 5.2 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 21 رن تھا۔


ایسے وقت میں لوگوں کی امیدیں کپتان دھونی پر مرکوز تھیں، لیکن 1 چھکّا و 2 چوکے لگا کر بہترین فارم دکھانے کے بعد اسپنر راہل چاہر کا شکار ہو گئے۔ انھوں نے 16 گیندوں پر 16 رن بنائے۔ جلد ہی دیپک چاہر بھی بغیر کوئی رن بنائے راہل چاہر کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 7 وکٹ کے نقصان پر 43 رن تھا اور چنئی پوری طرح سے دباؤ میں تھی۔ صرف سیم کرن میدان میں ایسے کھلاڑی موجود تھے جو بطور بلے باز جانے جاتے ہیں، دوسری طرف شردل ٹھاکر ان کا ساتھ دینے کے لیے اترے۔ ان دونوں نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے اسکور بورڈ پر کچھ رن جمع کیے، لیکن جب 15واں اوور چل رہا تھا تو شردل ٹھاکر نے 11 رن کے انفرادی اسکور پر اپنا وکٹ ایک غلط شاٹ کھیل کر گنوا دیا۔ 15 اوور میں چنئی کا اسکور 8 وکٹ کے نقصان پر 71 رن ہو گیا۔

سیم کرن کی تعریف کرنی ہوگی کیونکہ انھوں نے ایک طرف سے وکٹ گرنے کا سلسلہ روک رکھا تھا اور وقتاً فوقتاً کچھ اچھے شاٹ بھی لگائے۔ تعریف عمران طاہر کی بھی کرنی ہوگی جنھوں نے سیم کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 43 رن کی شراکت داری کی۔ قابل غور یہ بھی ہے کہ نواں وکٹ اننگ کی آخری گیند پر گرا جب بولٹ نے سیم کرن کو 52 رن کے انفرادی اسکور پر بولڈ کر دیا۔ اس سے قبل سیم نے آخری اوور میں 3 چوکے لگائے تھے۔ سیم نے 47 گیندوں کا سامنا کیا اور 2 چھکے و 4 چوکے لگائے۔ عمران طاہر نے 10 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 13 رن بنائے جس میں 2 چوکے بھی شامل ہیں۔ 20 اوور میں چنئی نے 9 وکٹ کے نقصان پر 114 رن بنائے۔


ممبئی انڈینز کی گیندبازی کی اچھی بات یہ رہی کہ ٹرینٹ بولٹ اور جسپریت بمراہ نے وکٹ لینے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا، اس کو دوسرے گیندبازوں نے بھی آگے بڑھایا اور سبھی گیندبازوں نے انتہائی کفایتی گیندبازی کی۔ ٹرینٹ بولٹ نے 4 اوور میں 18 رن دے کر 4 وکٹ لیے جب کہ جسپریت بمراہ نے 4 اوور میں 25 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ راہل چاہر نے بھی کافی متاثر کیا جنھوں نے 4 اوور میں 22 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ کولٹر نائل نے 4 اوور میں 25 رن دے کر 1 وکٹ حاصل کیا۔ کرونال پانڈیا کو حالانکہ کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا، لیکن انھوں نے بھی 3 اوور میں محض 16 رن دیے۔ پولارڈ نے اپنے ایک اوور میں 4 رن دیے اور انھیں بھی کوئی وکٹ نہیں ملا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔