آئی پی ایل میچ نمبر 38: دھون کی سنچری ہوئی رائیگاں، پنجاب 5 وکٹ سے فتحیاب

دہلی کے کپتان شریئس ایر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور پنجاب کے سامنے جیت کے لیے 165 رنوں کا ہدف رکھا جسے اس نے 19 اوور میں ہی 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

نکولس پورن
نکولس پورن
user

تنویر

کنگز الیون پنجاب نے آج دہلی کیپٹلز سے گزشتہ شکست کا شاندار انداز میں بدلہ لے لیا۔ دہلی کے سلامی بلے باز شکھر دھون کے ذریعہ بنائی گئی ناٹ آؤٹ سنچری بھی ٹیم کو جیت نہیں دلا سکی اور ان پر نکولس پورن کی تیز طرار نصف سنچری بھاری پڑ گئی۔ دہلی کے ذریعہ جیت کے لیے دیے گئے 165 رنوں کے ہدف کو پنجاب نے 19 اوور میں محض 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس طرح پنجاب نے پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں برقرار رکھی ہیں اور پوائنٹس ٹیبل میں اب وہ 8 پوائنٹ کے ساتھ پانچویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔

دہلی کیپٹلز کے کپتان شریئس ایر نے آج ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایک بار پھر سلامی بلے باز پرتھوی شا نے ٹیم کو مایوس کیا اور غلط شاٹ کھیل کر اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔ انھوں نے 11 گیندوں پر محض 7 رن بنائے اور جمی نیشم کا شکار ہوئے۔ کپتان شریئس ایر بھی کچھ خاص کمال نہیں کر سکے اور 9ویں اوور کی تیسری گیند پر محض 14 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 73 رن تھا اور شکھر دھون تیزی کے ساتھ رن بٹور رہے تھے۔ نئے بلے باز رشبھ پنت بھی 14 رن بنا کر میکسویل کو اپنا وکٹ دے بیٹھے۔


اچھی بات یہ رہی کہ بھلے ہی ایک طرف چھوٹی چھوٹی پاریاں کھیل کر دہلی کے بلے باز آؤٹ ہو رہے تھے، لیکن دوسری طرف شکھر دھون کو زیادہ اسٹرائک مل رہا تھا اور وہ تیزی سے رن بنا رہے تھے۔ مرکس اسٹوئنس نے 10 گیندوں میں محض 9 رن بنائے لیکن شکھر دھون کے ساتھ ان کی شراکت داری 35 رنوں کی ہوئی۔ اسی طرح سے سمرن ہٹمایر 6 گیندوں پر 10 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن انھوں نے شکھر کے ساتھ 23 رن کی شراکت داری کی۔ ہٹمایر بیسویں اوور کی آخری گیند پر محمد سمیع کا شکار ہوئے۔ شکھر دھون 61 گیندوں میں 3 چھکّے اور 12 چوکے کی مدد سے 106 رن بنانے میں کامیاب ہوئے۔

پنجاب کے گیندبازوں نے مجموعی طور پر ٹھیک ٹھاک کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اسی کا نتیجہ رہا کہ دہلی 20 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 164 رن ہی بنا سکی۔ محمد سمیع سب سے کامیاب گیندباز رہے جنھوں نے 4 اوور میں 28 رن دے کر 2 وکٹ حاصل کیے۔ گلین میکسویل اور مروگن اشون نے 4-4 اوور میں بالترتیب 31 اور 33 رن دے کر 1-1 وکٹ حاصل کیا۔ 1 وکٹ جمی نیشم کو حاصل ہوا جنھوں نے 2 اوور میں 17 رن دیے۔ عرش دیپ سنگھ کچھ مہنگے ثابت ہوئےجنھوں نے 3 اوور میں 30 رن دے کر کوئی وکٹ نہیں لیا اور روی بشنوئی نے 3 اوور میں 24 رن خرچ کیا۔ انھیں بھی کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔


پنجاب کی شروعات بہت اچھی نہیں رہی کیونکہ فارم میں چل رہے کپتان کے ایل راہل 11 گیندوں پر 15 رن بنا کر جلدی پویلین لوٹ گئے۔ لیکن ان کے بعد کرس گیل نے طوفانی انداز اختیار کیا۔ بدقسمتی سے گیل روی چندرن اشون کو بڑا شاٹ مارنے کی کوشش میں بولڈ ہو گئے۔ انھوں نے محض 13 گیندوں میں 2 چھکّوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 29 رن بنائے۔ بدقسمت مینک اگروال بھی رہے جنھیں نکولس پورن کی غلطی کی وجہ سے رَن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹنا پڑا۔ انھوں نے محض 5 رن بنائے۔

تین اوپری بلے بازوں کے آؤٹ ہونے سے پنجاب پر دباؤ کافی بڑھ گیا تھا۔ 5.5 اوور میں ٹیم کا اسکور 3 وکٹ کے نقصان پر 56 رن ہو گیا تھا۔ لیکن نکولس پورن نے اس موقع پر ٹیم کو مشکل سے نکالنے کا ذمہ سنبھالا اور خود پر دباؤ بنائے بغیر کھل کر بڑے شاٹ لگاتے رہے۔ چوتھے وکٹ کی شکل میں جب نکولس پورن آؤٹ ہوئے تھے ٹیم کا اسکور 12.3 اوور میں 125 رن ہو چکا تھا اور جیت بہت نزدیک نظر آ رہی تھی۔ پورن نے 28 گیندوں پر 3 چھکّوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 53 رن بنائے۔


نکولس کا ساتھ گلین میکسویل نے بہت اچھا دیا جنھوں نے سنبھل کر بلے بازی کی اور وکٹ گرنے کے سلسلہ کو روکا۔ گلین میکسویل 24 گیندوں پر 32 رن بنا کر سولہویں اوور کی پانچویں گیند پر آؤٹ ہوئے جب ٹیم کا مجموعی اسکور 147 رن پہنچ گیا تھا۔ اس کے بعد دیپک ہوڈا اور جمی نیشم نے مزید کوئی وکٹ نہیں گرنے دیا۔ ہوڈا نے جہاں 22 گیندوں پر 15 رن بنائے، وہیں نیشم نے 8 گیندوں پر 10 رن کا تعاون کیا۔ انیسویں اوور کی آخری گیند پر نیشم نے چھکّا لگا کر ٹیم کو جیت دلائی۔

دہلی کی طرف سے کچھ گیندباز بہت خرچیلے ثابت ہوئے جس کی وجہ سے 164 رن کا دفاع کرنا مشکل ہو گیا۔ تشار دیشپانڈے نے جہاں 2 اوور میں 41 رن خرچ کر دیے، وہیں مرکس اسٹوئنس نے اپنے 1 اوور میں 14 رن دے ڈالے۔ دونوں کو ہی کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔ کگیسو رباڈا نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی جنھوں نے 4 اوور میں 27 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ اکشر پٹیل اور روی چندرن اشون نے بھی 4-4 اوور میں 27-27 رن دیے لیکن ان دونوں کو 1-1 وکٹ حاصل ہوا۔ آئی پی ایل سیزن 13 میں پہلی بار کھیل رہے ڈینیل سیمس نے 4 اوور میں 30 رن دیے اور انھیں کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔