آئی پی ایل میچ نمبر 20: ممبئی کے سامنے بکھر گئی راجستھان، روہت بریگیڈ 57 رن سے فتحیاب

آئی پی ایل سیزن-13 کے بیسویں میچ میں آج ممبئی انڈینز نے راجستھان رائلز کو کرکٹ کے ہر شعبہ میں پیچھے چھوڑ دیا۔ ممبئی کے 193 رن کے جواب میں راجستھان کی پوری ٹیم 136 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

آج ایک بار پھر آئی پی ایل سیزن 13 میں یکطرفہ میچ دیکھنے کو ملا جہاں ممبئی انڈینز نے راجستھان رائلز کو 57 رنوں سے شکست فاش دے دی۔ روہت بریگیڈ نے راجستھان کے سامنے جیت کے لیے 194 رنوں کا ہدف رکھا تھا لیکن پہلے ہی اوور سے راجستھان پچھڑتی چلی گئی اور پھر 18.1 اوور میں پوری ٹیم محض 136 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ جوس بٹلر (44 گیندوں پر 71 رن) اور جوفرا آرچر (11 گیندوں پر 24 رن) کے علاوہ کوئی بلے باز ممبئی کے گیندبازوں کے سامنے جم کر نہیں کھیل پایا۔ جسپریت بمراہ نے خطرناک گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوور میں محض 20 رن دے کر 4 وکٹ لے لیے۔

آج کے میچ میں ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ٹیم کو شروعات بھی بہت اچھی ملی تھی۔ پانچویں اوور میں جب سلامی بلے باز کوئنٹن ڈی کوک 15 گیندوں پر 23 رن بنا کر آؤٹ ہوئے تھے تو ٹیم کا اسکور 49 رن پہنچ گیا تھا۔ پھر اچھی بلے بازی کر رہے کپتان روہت شرما 23 گیندوں پر 35 رن بنا کر دسویں اوور کی پہلی گیند پر شریئس گوپال کا شکار ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 88 رن پہنچ گیا تھا اور ممبئی اچھی حالت میں نظر آ رہی تھی، لیکن اگلی ہی گیند پر نئے بلے باز ایشان کشن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جس سے اچانک ٹیم دباؤ میں آ گئی۔


سوریہ کمار یادو نے اس موقع پر بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے پہلے کرونال پانڈیا (17 گیندوں پر 12 رن) کے ساتھ شراکت داری کی، اور پھر ہارڈک پانڈیا کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین واپس لوٹے۔ ایک طرف سوریہ کمار نے شاندار 2 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر 79 رن بنائے، اور دوسری طرف ہارڈک پانڈیا نے 19 گیندوں پر 1 چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے تیز طرار 30 رن بنائے۔ اس طرح ممبئی نے 20 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر 193 رن بنا ڈالے۔

راجستھان کی جانب سے 2 وکٹ شریئس گوپال (4 اوور میں 28 رن)، 1 وکٹ جوفرا آرچر (4 اوور میں 34 رن) اور 1 وکٹ کارتک تیاگی (4 اوور میں 36 رن) کو حاصل ہوا۔ راہل تیواتیا کو صرف 2 اوور کرنے کا موقع ملا جس میں انھوں نے 13 رن دیے۔ راجپوت اور کرن نے 3-3 اوور میں کیے جس میں بالترتیب 42 رن اور 33 رن خرچ ہوئے۔


جب راجستھان کی ٹیم 194 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری تو اس کی شروعات ہی خراب رہی۔ نوجوان بلے باز یششوی جیسوال پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر ٹرینٹ بولٹ کو وکٹ دے بیٹھے۔ اس کے بعد میدان پر اترے اسٹیوین اسمتھ بھی کچھ خاص نہیں کر سکے اور دوسرے اوور میں محض 6 رن بنا کر جسپریت بمراہ کا شکار ہو گئے۔ سنجو سیمسن سے لوگوں کو بہت امیدیں تھیں لیکن وہ بھی ٹرینٹ بولٹ کے اگلے اوور میں بغیر کوئی رن بنائے ہی واپس لوٹ گئے۔ اس طرح سے یکے بعد دیگرے تین جھٹکوں نے راجستھان پر زبردست دباؤ بنا دیا۔ 12 رن پر ہی اس کے تین اہم وکٹ گر گئے تھے۔

ایک طرف سلامی بلے باز جوس بٹلر لاجواب بلے بازی کر رہے تھے اور دوسری طرف وکٹ گرنے کا سلسلہ جاری تھا۔ پچھلے میچ میں اچھی بلے بازی کرنے والے مہیپال لومرور (13 گیندوں پر 11 رن) نویں اوور کی پہلی گیند پر اسپن گیندباز راہل چاہر کا شکار ہو گئے۔ بڑھتے رَن ریٹ کو دیکھتے ہوئے جوس بٹلر آتشی پاری کھیل رہے تھے لیکن جیمس پیٹنسن کی گیند پر کیرن پولارڈ نے باؤنڈری لائن پر بہترین کیچ لے کر ان کی پاری کا اختتام کر دیا۔ بٹلر نے محض 44 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 70 رن بنائے۔


بٹلر کے آؤٹ ہونے کے بعد راجستھان کی امیدیں ختم ہوتی ہوئی صاف نظر آنے لگی۔ ٹام کرن (16 گیندوں پر 15 رن)، راہل تیواتیا (6 گیندوں پر 5 رن) اور شریئس گوپال (2 گیندوں پر ایک رن) بھی ممبئی کے گیندبازوں کا مقابلہ نہیں کر سکے اور جلدی جلدی آؤٹ ہو گئے۔ آخر کے اووروں میں جوفرا آرچر نے تیزی کے ساتھ رن بنانے کی ضرور کوشش کی، لیکن تب تک بہت دیر ہو گئی تھی۔ جوفرا نے کچھ اچھے شاٹ لگائے اور 11 گیندوں پر 1 چھکے و 3 چوکے کی مدد سے 24 رن بنائے۔ ان کے بعد جلد ہی راجپوت بھی 2 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس طرح راجستھان کی پوری ٹیم 18.1 اوور میں 136 رن پر سمٹ گئی۔

ممبئی کی جانب سے بطور گیندباز کیرن پولارڈ اور کرونال پانڈیا نے ہی کچھ رن خرچ کیے، بقیہ سبھی گیندبازوں نے کفایتی گیندبازی کی۔ جسپریت بمراہ نے جہاں 4 اوور میں محض 20 رن دے کر 4 وکٹ لیے، وہیں ٹرینٹ بولٹ نے 4 اوور میں 26 رن دے کر 2 وکٹ جھٹک لیے۔ پیٹنسن نے 3.1 اوور میں 19 رن دے کر 2 وکٹ، راہل چاہر نے 3 اوور میں 24 رن دے کر ایک وکٹ اور کیرن پولارڈ نے 2 اوور میں 24 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ کرونال نے 2 اوور میں 22 رن دیے اور انھیں کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔