آئی پی ایل میچ نمبر 15: لومرور کی بدولت راجستھان نے بنائے 154 رن، کیا فتحیاب ہوگی بنگلور؟

آئی پی ایل سیزن 13 کے 15ویں مقابلے میں راجستھان رائلز اور رائل چیلنجرس بنگلور کے درمیان میچ کھیلا جا رہا ہے۔ راجستھان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بنگلور کو جیت کے لیے 155 رنوں کا ہدف دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

آئی پی ایل 2020 کے پندرہویں مقابلے میں آج راجستھان رائلز کے کپتان اسٹیوین اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن بنگلور کے گیندبازوں کی بہترین گیندبازی اور کچھ لاجواب کیچ کی وجہ سے کچھ وکٹ جلدی جلدی گر گئے۔ نتیجتاً راجستھان کے رنوں کی رفتار تیزی سے نہیں بڑھ سکی۔ وہ تو بھلا ہو مہیپال لومرور کا جنھوں نے نہ صرف سنبھل کر کھیلا بلکہ خراب گیندوں پر بہترین شاٹ بھی لگائے اور 39 گیندوں پر شاندار 47 رن بنائے۔ اس اننگ کی بدولت راجستھان کی ٹیم 154 رن بنانے میں کامیاب ہوئی اور اب رائل چیلنجرس بنگلور کو جیت کے لیے 155 رن بنانے ہوں گے۔

آج جب راجستھان رائلز کی بلے بازی شروع ہوئی تو حالات بہت اچھے نظر آ رہے تھے۔ سلامی بلے باز اور کپتان اسٹوین اسمتھ کی شکل میں جب پہلا وکٹ گرا تو 2.4 اوور ہوئے تھے رن 27 بن چکے تھے۔ انھیں اُڈانا نے 5 رنوں پر آؤٹ کیا۔ لیکن کچھ ہی دیر بعد بہترین فارم میں نظر آ رہے جوس بٹلر نودیپ سینی کی پہلی گیند پر سلپ میں کھڑے پڈیکل کو کیچ تھما بیٹھے۔ انھوں نے 12 گیندوں پر تیز 22 رن بنائے۔ پھر اگلے ہی اوور میں سنجو سیمسن محض 4 رن بنا کر یجویندر چہل کی پہلی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ جلدی جلدی تین وکٹ گرنے کی وجہ سے دباؤ راجستھان پر آ گیا اور رن کی رفتار بڑھنے کی جگہ دھیرے دھیرے کم ہوتی چلی گئی۔


راجستھان کے بلے باز رابن اتھپا نے ایک بار پھر ٹیم کو مایوس کیا جب گیارہویں اوور میں 17 رن (22 گیندوں پر) بنا کر خراب شاٹ کھیلتے ہوئے لانگ آف پر آؤٹ ہوئے۔ سولہویں اوور میں ریان پراگ بھی 18 گیندوں پر 16 رن بنا کر اسورو اڈانا کا شکار ہو گئے۔ ایک طرف وکٹ گرتے رہے اور دوسری طرف مہیپال لومرور بہترین بلے بازی کر رہے تھے۔ وہ 17ویں اوور میں یجویندر چہل کی گیند پر آؤٹ ہوئے اور تب تک 39 گیندوں پر 3 چھکّوں اور ایک چوکے کی مدد سے 47 رن بنائے۔

آخر کے 3 اوور میں راہل تیواتیا اور جوفرا آرچر نے تیز بلے بازی کی جس کے سبب 154 رنوں تک پہنچنے میں راجستھان کو کامیابی ملی۔ تیواتیا نے جہاں 12 گیندوں پر 3 چھکّوں کی مدد سے طوفانی 24 رن بنائے، وہیں جوفرا آرچر نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 10 گیندوں میں 16 رن بنائے۔ یہ دونوں کھلاڑی آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔


گیندبازی میں یجویندر چہل ایک بار پھر سب سے کامیاب رہے اور 4 اوور میں انھوں نے محض 24 رن دے کر 3 وکٹ جھٹک لیے۔ 2 وکٹ اسورو اڈانا کو حاصل ہوئے جنھوں نے 4 اوور میں 41 رن دیے۔ نودیپ سینی نے 4 اوور میں 37 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ اڈانا اور سینی نے اچھی گیندبازی کی تھی لیکن آخر کے اوور میں انھیں تیواتیا اور آرچر نے خوب دھویا۔ واشنگٹن سندر نے بھی ایک بار پھر چست گیندبازی کا مظاہرہ کیا اور 4 اوور میں محض 20 رن دیے، حالانکہ انھیں کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔ ایڈم زیمپا نے 3 اوور میں 37 رن اور شیوم دوبے نے 1 اوور میں 4 رن دیے اور ان دونوں کو بھی کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔