آئی پی ایل 2020: راجستھان کی ناقص کارکردگی کا ذمہ دار میں ہوں، اسٹیو اسمتھ

کپتان اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ تیوتیا، پراگ اور کارتک تیاگی اس سال ہمارے لئے کافی بہتر کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ ہمارے بڑے کھلاڑی اس طرح کا کھیل نہیں دکھا پائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ابو ظہبی: آئی پی ایل 2020 میں راجستھان رائلز کی ٹیم نے دو میچوں میں جیت کے ساتھ شاندار شروعات کی تھی لیکن اس کے بعد اس کی ہار کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ ٹیم اب 11 میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں 7ویں مقام پر ہے۔ راجستھان رائلز کی ٹیم پلے آف کی ریس سے تقریباً باہر ہو چکی ہے، لیکن کپتان اسمتھ کو اب بھی کسی کرشمہ کی امید ہے۔

ممبئی انڈینز کے خلاف اتوار کو ہونے جا رہے میچ سے قبل اسمتھ نے اپنی فارم کے تعلق سے بات کی۔ اسمتھ نے اس سیزن میں تین نصف سنچریاں اسکور کی ہے۔ اسٹار کھلاڑی نے کہا کہ انہیں لے حاصل کرنے میں وقت لگا اور اس کا خمیازہ ٹیم کو اٹھانا پڑا۔


اسمتھ نے کہا ’’لے حاصل کرنے میں تھوڑا زیادہ وقت لگ گیا۔ آر سی بی کے خلاف میچ کے بعد سے میں لے میں ہوں۔ اب کافی بہتر محسوس ہو رہا ہے اور باقی میچوں میں بھی بہتر کر سکتا ہوں۔ حالانکہ ایسا پہلے ہی ہونا چاہیے تھا لیکن میں نے کئی غلطیاں کی ہیں۔‘‘

کپتان اسٹیو اسمتھ نے پراگ اور تیوتیا کی کارکردگی پر خوشی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’تیوتیا، پراگ اور کارتک تیاگی اس سال ہمارے لئے کافی بہتر کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ ہمارے بڑے کھلاڑی اس طرح کا کھیل نہیں دکھا پائے اور شاید اسی وجہ سے ہماری پوزیشن خراب ہے۔‘‘


نوجوان کھلاڑیوں کے علاوہ جوفرا آرچر نے راجستھان رائلز کے لئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ آرچر اب تک اس ٹورنامنٹ میں 15 وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔ اسمتھ نے کہا، ’’آرچر کا کوئی مقابلہ نہں ہے۔ آرچر نے بہترین کھیل دکھایا ہے۔ لیکن باقی ٹیم آرچر کا ساتھ نہیں دے پائی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔