آئی پی ایل 2020: حیدرآباد بنام راجستھان، آسٹریلیا کے دو عظیم کھلاڑی وارنر اور اسمتھ آمنے سامنے

وارنر کی کپتانی والی سن رائزرس حیدرآباد راجستھان رائلز کے خلاف جیت کی راہ پر آگے بڑھنے اور پچھلے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنے والی اسٹیو اسمتھ کی قیادت والی راجستھان کی ٹیم واپسی کے لئے اترے گی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دبئی: ڈیوڈ وارنر کی کپتانی والی سن رائزرس حیدرآباد اتوار کے روز راجستھان رائلز کے خلاف جیت کی راہ پر آگے بڑھنے اور پچھلے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنے والی اسٹیو اسمتھ کی قیادت والی راجستھان کی ٹیم واپسی کے لئے اترے گی۔ مداحوں کو اس میچ میں آسٹریلیا کے دو عظیم کھلاڑی وارنر اور اسمتھ کا بھی مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

حیدرآباد نے پچھلے مقابلے میں کنگز الیون پنجاب کو 69 رنز سے شکست دی تھی جبکہ راجستھان کو دہلی کیپٹلس کے خلاف اپنے پچھلے ​​میچ میں 46 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ حیدرآباد کی ٹیم نے پنجاب کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کی تھی اور وہ اپنی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے آگے بڑھنا چاہے گی جبکہ راجستھان کی ٹیم پچھلی شکست کو بھول کر فارم میں واپسی کی کوشش کرے گی۔ حیدرآباد کی ٹیم چھ پوائنٹس میں تین جیت، تین شکست کے ساتھ چھ پوائنٹ کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر ہے جبکہ راجستھان کی ٹیم چھ مقابلوں میں دو جیت اور چار شکست کے ساتھ چار پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔


حیدرآباد نے پنجاب کے خلاف بہترین شروعات کی تھی اور سلامی جوڑی ڈیوڈ وارنر (52) اور جانی بیئرسٹو (97) نے پہلے وکٹ کے لئے 160 رنز کا مضبوط آغاز دیا تھا۔ تاہم ، وارنر اور بیئرسٹو کے آؤٹ ہونے کے بعد ، حیدرآباد کی اننگز لڑکھڑا گئی اور پنجاب اسے 201 کے اسکور پر روکنے میں کامیاب ہوگیا۔ حیدرآباد نے اپنے گیندبازوں خاص طور پر لیگ اسپنر راشد خان کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے پنجاب کو میچ میں ٹکنے نہیں دیا تھا۔

وارنر کو پچھلے میچ سے سبق حاصل کرتے ہوئے مڈل آرڈر میں اصلاح کرنا ہوگا۔ وارنر اور بیئرسٹو کے کریز پر رہنے کے وقت حیدرآباد کا اسکور 240 کے قریب تھا ، لیکن 15 اوور کے بعد پنجاب کی نپی تلی گیندبازی نے مڈل آرڈر کے بلے بازوں کو خاص طور پر پریشان کیا تھا۔ وارنر کو اس شعبے میں اصلاح کرنے کی ضرورت ہے۔ حیدرآباد کے لئے ان کے اسٹار اسپنر راشد خان نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور چار اوورز میں 12 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ راشد کی اسپن راجستھان کو پریشان کرسکتی ہے۔ ایسی صورتحال میں اسمتھ کو راشد کے خلاف خصوصی تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔


راجستھان کی ٹیم دہلی کے خلاف ہر شعبے میں ناکام رہی تھی اور 185 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ٹیم مکمل فلاپ ثابت ہوئی تھی۔ راجستھان کے لئے راہل تیوتیا (38) اور یشسوی جیسوال (34) کو چھوڑ کر ، کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔ حیدرآباد کے خلاف اپنی کارکردگی سے اسمتھ کو ٹیم کا حوصلہ بلند کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

راجستھان کی ٹیم کو بھلے ہی پچھلے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن حیدرآباد کو احتیاط سے کام لینے کی ضرورت ہے کیونکہ راجستھان کے پاس اسمتھ، جوس بٹلر اور سنجوسیمسن جیسے خطرناک گیندباز ہیں اور اس کے اسٹار آل راونڈر بین اسٹوکس کی کوارنٹین مدت بھی مکمل ہونے والی ہے ، ایسے میں اس کا امکان زیادہ ہے کہ وہ حیدرآباد کے خلاف مقابلے میں کھیلنے اتریں گے۔ اسٹوکس کے آنے سے راجستھان کی بلے بازی آرڈر پہلے سے مضبوط ہوگی۔راجستھان کو بھی ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا اور حیدرآباد کے خلاف میچ سے فارم میں واپسی کی کوشش کرنی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔