آئی پی ایل 2020: حیدر آباد کی ٹیم پلے آف میں بھی پہنچ سکتی ہے، ڈیوڈ وارنر

وارنر نے کہا کہ راشد میں وکٹیں لینے اور کفایتی بولنگ کرنے کی صلاحیت ہے۔ شارجہ میں ابھی دو میچ اور کھیلنے ہیں، اگر ہم اسی طرح 220 رنوں کا اسکور کرسکے تو پھرکون جانتا ہے کہ ہم پلے آف میں ہی پہنچ جائیں!

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

ابو ظہبی: انڈین پریمیر لیگ کے 13 ویں سیزن میں سن رائزرس حیدرآباد نے منگل کے روز دہلی کیپٹلز کی ٹیم کو یکطرفہ میچ میں 88 رنز سے شکست دی۔ حیدرآباد کے لئے اس فتح کے ہیرو کپتان ڈیوڈ وارنر رہے، جنہوں نے 66 رنوں کی اننگز کھیل کر ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ وارنر کا جیت کے بعد کہنا ہے کہ پلے آف ریس میں بنے رہنے کے لئے یہ فتح بہت ضروری تھی۔

ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ اگلے دو میچوں میں ان کا ہدف بڑا اسکور بنانا رہے گا تاکہ پلے آف میں پہنچنے کی امید برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم ٹاس جیتنے کے بعد بھی پہلے بلے بازی کا ہی انتخاب کرتے۔ کیونکہ ہمیں ان کے تیز گیند بازوں کو نشانہ بنانا تھا۔ جانی بیئرسٹو کو باہر رکھنے کا فیصلہ مشکل تھا لیکن ہمیں لگا کہ نمبر چار پر کین ولیمسن کی ضرورت ہے۔ ''


ڈیوڈ وارنر نے 87 رنز بنانے والے ردھیمان ساہا کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "پاور پلے میں ان کا اسٹرائیک ریٹ حیرت انگیز ہے۔ انہیں چوٹ لگی ہے، جبکہ وجے شنکر کی انجری کے بارے میں ابھی کچھ معلوم نہیں ہے۔

ڈیوڈ وارنر راشد خان کی کارکردگی سے بہت خوش ہیں۔ وارنر نے کہا، "راشد میں وکٹیں لینے اور کفایتی بولنگ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ شارجہ میں ہمیں ابھی دو میچ اور کھیلنے ہیں اور اگر ہم اسی طرح 220 رنوں کا اسکور کر سکے تو پھر کون جانتا ہے کہ ہم پلے آف میں ہی پہنچ جائیں!


خیال رہے کہ سن رائزرس حیدرآباد نے دہلی کے خلاف پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورز میں 219 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ دہلی کی ٹیم اس میچ میں کہیں نظر نہیں آئی اور وہ 19 اوورز میں 131 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ٹورنامنٹ میں سن رائزرس حیدرآباد کی یہ پانچویں جیت ہے اور اسے پلے آف میں پہنچنے کے لئے دوسری ٹیموں کی شکست پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔