آئی پی ایل 2020: سنیل گواسکر کی حمایت میں اب آئے فاروق انجنیئر

فاروق انجینئر نے کہا کہ ہم ہندوستانیوں میں مزاح کے جذبات کا فقدان ہے اگر سنیل گواسکر نے وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کے بارے میں کچھ کہا ہے تو یہ مزاحی لہجے میں ہوگا نہ کہ برا یا بے حیائی۔

وراٹ کوہلی اور سنیل گواسکر، تصویر یو این آئی
وراٹ کوہلی اور سنیل گواسکر، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

ابو ظہبی: وراٹ کوہلی کی اہلیہ اور اداکارہ انوشکا شرما کے بارے میں دیئے گئے تبصروں کے لئے ہندستان کے سابق تجربہ کار کرکٹر اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر کی حمایت میں عرفان پٹھان کے بعد ہندوستان کے سابق وکٹ کیپر فاروق انجنیئر کی حمایت بھی حاصل ہوگئی ہے اور وہ سابق تجربہ کار سنیل گواسکر کی حمایت میں آگے آئے ہیں۔

اس سے قبل گواسکر بھی واضح کرچکے ہیں کہ وہ اپنی بات پر قائم ہیں اور انہوں نے کچھ غلط نہیں کہا ہے۔ سنیل گواسکر کو انوشکا شرما کا نام لیتے ہوئے وراٹ کوہلی کی فارم پر تبصرہ کرنے پر لوگوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ پاکستانی آبزرور سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر نے کہا کہ ہم ہندوستانیوں میں مزاح کے جذبات کا فقدان ہے اگر سنیل گواسکر نے وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کے بارے میں کچھ کہا ہے تو یہ مزاحی لہجے میں ہوگا نہ کہ برا یا بے حیائی۔


انہوں نے کہا کہ میں سنیل گواسکر کو اچھی طرح سے جانتا ہوں اس لئے میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ اگر وہ کچھ کہتے ہیں تو وہ اسے مضحکہ خیز لہجے میں کہتے یں۔ میرے معاملے میں بھی لوگوں نے اسے سنجیدگی سے لیا اور انوشکا شرما نے بیان جاری کیا۔

واضح ہو کہ وراٹ کوہلی کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق ​​ہندوستانی کپتان سنیل گواسکر نے یہ کہا تھا کہ "وراٹ جانتے تھے کہ جتنا زیادہ انہوں نے مشق کی، اتنا ہی ان میں نکھار آئے گا۔ لیکن جب کورونا کی وجہ سے ملک میں لاک ڈاؤن تھا، اس وقت انہوں نے صرف انوشکا کی بولنگ پر ہی مشق کی ہے۔ یہ ان کی مدد نہیں کرسکتی۔ "


وراٹ کی اہلیہ انوشکا شرما نے گواسکر کے تبصرے پر اعتراض کرتے ہوئے جواب دیا تھا کہ "گواسکر جی آپ کا تبصرہ نامناسب ہے لیکن میں جاننا چاہتی ہوں کہ آپ کسی کے شوہر کے کھیل کی وجہ سے اس کی بیوی کو کیوں نشانہ بنا رہے ہیں۔" مجھے یقین ہے کہ آپ نے ہر کرکٹر کی ذاتی زندگی کا اتنے سالوں میں تبصرہ نہ کرکے عزت کی ہے، پھر آپ کو نہیں لگتا کہ آپ کو ہمارے ساتھ یکساں سلوک کرنا چاہیے تھا۔

یہ معاملہ چند گھنٹوں میں اتنا بڑا تنازعہ بن گیا تھا کہ گواسکر کو اپنی وضاحت دینا پڑی۔ معاملے کو بڑھتا ہوا دیکھ کر گواسکر نے چنئی سپر کنگز اور دہلی کیپٹلز کے مابین گزشتہ جمعہ کے میچ کے دوران واضح کیا کہ میں نے وراٹ اور انوشکا کی ایک ویڈیو دیکھی جس میں انوشکا وراٹ کو بولنگ کر رہی تھیں۔ میرا بیان اسی تناظر میں تھا۔ میں ان لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں جنھوں نے اس بات کو سمجھا ہے کہ وہ پہلے معاملے کو پوری طرح سنتے ہیں اور پھر اپنی رائے دیتے ہیں۔ میں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔