آئی پی ایل 2020: پلے آف میں پہنچنے کے لئے دہلی کا ممبئی کو ہرانا لازمی

اپنے آخری تین میچوں میں اپنی مسلسل شکست کو فراموش کرتے ہوئے دہلی کیپٹلز کو آئی پی ایل کے پلے آف میں جگہ یقینی کرنے کے لئے ہفتے کے روز ممبئی انڈینز کے خلاف میچ میں جیت حاصل کرکے واپسی کرنا ہوگی

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @IPL
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @IPL
user

یو این آئی

دبئی: اپنے آخری تین میچوں میں اپنی مسلسل شکست کو فراموش کرتے ہوئے دہلی کیپٹلز کو آئی پی ایل کے پلے آف میں جگہ یقینی کرنے کے لئے ہفتے کے روز ممبئی انڈینز کے خلاف میچ میں جیت حاصل کرکے واپسی کرنا ہوگی۔

ممبئی نے پلے آف میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے اور اب وہ ٹاپ دو ٹیموں میں جگہ بنانے پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ کل کولکتہ نائٹ رائڈرس پر چنئی سپر کنگز کی جیت کے بعد ممبئی کا پلے آف میں مقام یقینی ہو گیا ہے۔ ممبئی کے 12 میچوں میں آٹھ جیت اور چار شکست کے ساتھ 16 پوائنٹس ہیں اور وہ مضبوطی کے ساتھ ٹیبل میں پہلے نمبر پر ہے۔ دہلی 12 میچوں میں سات جیت ، پانچ شکست اور 14 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

دہلی کسی وقت پلے آف میں جانے والی پہلی ٹیم دکھائی دیتی تھی لیکن اچانک وہ لڑکھڑاگئی اور مسلسل تین میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دہلی کو 20 اکتوبر کو کنگز الیون پنجاب نے پانچ وکٹ سے ، 24 اکتوبر کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو 59 رنز اور سن رائزرس حیدرآباد نے 27 اکتوبر کو 88 رنز سے شکست دی تھی۔

دہلی کی تینوں شکستوں میں بیٹنگ کی کارکردگی بہت مایوس کن رہی ہے اور اسے ممبئی کے مضبوط حملے کے خلاف بیٹنگ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔ رواں سیزن میں لگاتار دو ناقابل شکست سنچریاں اسکور کرنے والے اوپنر شکھر دھون پچھلے دو میچوں میں سستے آؤٹ ہوئے ہیں جس کا براہ راست اثر دہلی کی بیٹنگ پر پڑا ہے۔ شکھر کو ٹاپ آرڈر پر اپنی ذمہ داری کو سمجھنا ہوگا اور لمبی اننگز کھیلنی ہوگی۔


کپتان شریس ایئر ، وکٹ کیپر رشبھ پنت اور شمرون ہٹ مایر کو مڈل آرڈر میں ہی رنز بنانا ہوں گے تب ہی ٹیم عمدہ اسکور کرنے میں کامیاب ہوگی۔ دہلی کا تقاضہ ہے کہ اس کے بلے باز فاسٹ بالرز جسپریت بُمراہ اور ٹرینٹ بولٹ اور لیگ اسپنر راہل چاہر کے سامنے کھیلیں اور اسٹرائک کو روٹیٹ کرتے ہوئے رن بنائیں۔

حیدرآباد سے شکست کے بعد دہلی کے کپتان ائیر نے کہا تھا کہ ٹیم اس شکست سے متاثر ہوکر زیادہ سے زیادہ میچ جیتے گی۔ شریس نے کہا کہ یہ یقینی طور پر ہمارے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے لیکن آپ اس مقام پر ہار نہیں مان سکتے۔ ہمارے پاس ابھی بھی دو میچ ہیں جن میں جیت ضروری ہے۔ ہم آخری تین میچوں سے فتح کے منتظر ہیں۔ مسلسل شکست نے یقینی طور پر ہم پر دباؤ ڈالا ہے۔ ٹیم کے کھلاڑی بہت مضبوط اور ترغیب سے بھر پور ہیں اور یہ شکست یقینی طور پر ہمیں متاثر کرنے والی ہے۔ ہمیں ایک مضبوط اور مثبت ذہن سازی کی ضرورت ہے۔ یہ ہار ہمارے سامنے نہیں ٹک سکتی۔ بحیثیت ٹیم ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں لہذا یہ چند میچ ہمارے دماغ پر اثر انداز نہیں ہونے چاہئیں۔ ہم اگلے میچ میں اس پر کام کریں گے۔

دہلی کے کپتان نے جو کہا ہے اس پر ان کے کھلاڑیوں کو کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دہلی اب پچھلے میچ کی پلے آف ریس کو چھوڑ نہیں سکتا ہے جہاں ان کا مقابلہ 2 نومبر کو وراٹ کوہلی کے زیر قیادت رائل چیلنجرز بنگلور سے ہوگا۔ اگر دہلی ممبئی کے خلاف ہار جاتا ہے تو پھر ان کے لئے یہ مشکل ہوگا۔

دوسری جانب ممبئی کی ٹیم نے اپنے پچھلے میچ میں بنگلور کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی ۔ ممبئی کی ایک اور فتح اس کی سرفہرست کی جگہ کو یقینی بنائے گی۔ ممبئی بیٹ اور بال دونوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے۔ ممبئی کے باقاعدہ کپتان روہت شرما چوٹ کی وجہ سے آخری دو میچوں سے باہر ہیں۔ ان کی عدم موجودگی میں کیرون پولارڈ نے کپتانی کو بہت اچھے انداز میں سنبھالا ہے اور ٹیم کو پلے آف میں پہنچایا ہے۔ پولارڈ ٹیم کو سر فہرست رکھنے کے لئے ایک اور جیت کے متمنی ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔