آئی پی ایل 2020: چوٹی کا مقام حاصل کرنے کے لئے دہلی اور بنگلور میں آج ہوگا زبردست مقابلہ

دہلی نے اس سے پہلے دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں میں جیت حاصل کی جبکہ بنگلور نے دبئی میں تین میچ کھیلیں ہیں اور دو جیتے ہیں۔

تصویر بشکریہ iplt20.com
تصویر بشکریہ iplt20.com
user

یو این آئی

دبئی: شاندار فارم میں کھیل رہی دہلی کیپٹلس اور رائلس چیلنجرس بنگلور کے بیچ پیر کے روز زبردست مقابلے میں دونوں ٹیمیں آئی پی ایل 13 میں چوٹی کا مقام حاصل کرنے کے لئے مقابلہ کریں گی۔ دہلی چار میں سے تین میچ جیت کر اور چھ پوائنٹ کے ساتھ ٹیبل میں چوٹی پر ہے جبکہ بنگلور بھی چار میچوں میں تین جیت کر اور چھ پوائنٹ کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔ دونوں ٹیموں نے سنیچر کے روز اپنے اپنے مقابلے جیتے تھے اور وہ بلند حوصلے کے ساتھ ایک دوسرے کو سخت چیلنج دینے کے لئے تیار ہیں۔ بنگلور نے راجستھان رائلس کی ابوظہبی میں آٹھ وکٹ سے اور دہلی نے کولکتہ نائٹ رائیڈرس کو 18 رن سے ہرایا تھا۔

دہلی نے اس سے پہلے دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں میں جیت حاصل کی جبکہ بنگلور نے دبئی میں تین میچ کھیلیں ہیں اور دو جیتے ہیں۔ یہ بھی دلچسپ ہے کہ آئی پی ایل ۔13 میں اب تک جو دو سپراوور کھیلے گئے ہیں دونوں ہی دبئی میں ہوئے ہیں۔ پہلے سپر اوور میں دہلی نے پنجاب کو شکست دی اور دوسرے میں بنگلور نے ممبئی انڈینس کو ہرایا۔ یعنی سپر اوور کھیل چکی دو ٹیموں کے بیچ ایک زبردست مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔


بنگلور کے لئے راحت کی بات یہ ہے کہ اس کے کپتان وراٹ کوہلی فارم میں واپسی کرچکے ہیں۔ وراٹ نے گزشتہ میچ میں 53 گیندوں پر ناٹ آوٹ سات چوکے اور دو چھکے لگائے تھے جبکہ فارم میں چل رہے سلامی بلے باز دیودت پڈیکل نے 66 رن بنائے تھے۔

پڈیکل اور وراٹ نے دوسرے وکٹ کے لئے 99 رنز کی میچ فاتح شراکت کی تھی۔ ٹیم میں آسٹریلیا کے آرون فنچ اور جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز جیسے جارح بلے باز بھی ہیں۔ دہلی کو بنگلور کے لیگ اسپنر یوزویندر چہل سے بھی محتاط رہنا ہوگا، جنہوں نے پچھلے میچ میں 24 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔


دہلی نے کولکتہ کے خلاف تین وکٹ پر 228 رنز بنائے تھے، جو اس ٹورنامنٹ میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ کپتان شریس ایئر نے سات چوکے اور چھ چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 88 رنز، نوجوان سلامی بلے باز پرتھوی شا نے 66 رنز میں چار چوکے اور چار چھکے، وکٹ کیپر رشبھ پنت نے 38 رنز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا اور سلامی بلے باز شیکھر دھون نے 26 رنز میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے۔ وراٹ کو فارم میں چل رہے دہلی کے بلے بازوں کو قابو کرنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔