آئی پی ایل 2020: کپتانی کرنا آسان لگ رہا ہے، جیت کے بعد شریئس ایر کا بیان

شریئس نے کہا، ’’جس طرح ہم نے دوسری اننگز میں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس سے میں بہت خوش ہوں۔ ہمیں لگا کہ ہم نے کم اسکور کیا ہے لیکن وکٹ پر آنے کے بعد بولرز اپنی حکمت عملی پر قائم رہے‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ابو ظہبی: انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے 13 ویں سیزن میں دہلی کیپٹلز کی جانب سے عمدہ کارکردگی کے مظاہرہ کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹیم نے جمعہ کے روز راجستھان رائلز کے خلاف زبردست جیت درج کی اور پوائنٹ ٹیبل میں بھی پہلا مقام حاصل کر لیا۔

شریئس ایر کی کپتانی والی اس ٹیم نے اب تک چھ میچ کھیلے ہیں اور ان میں سے پانچ میں کامیابی حاصل کرکے 10 پوائنٹس حاصل کر لئے ہیں۔ یہ دہلی کیپٹلز کی لگاتار تیسری جیت ہے۔ کپتان ایر نے میچ کے بعد کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ انہوں نے ٹاس نہیں جیتا۔


شریئس نے کہا، ’’جس طرح ہم نے دوسری اننگز میں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس سے میں بہت خوش ہوں۔ ہمیں لگا کہ ہم نے کم اسکور کیا ہے لیکن وکٹ پر آنے کے بعد بولرز اپنی حکمت عملی پر قائم رہے۔ ہم اوس کا اثر دیکھ کر پہلے بولنگ کا فیصلہ ہی کرتے لیکن اچھا ہوا کہ ہم ٹاس نہیں جیت پائے۔ مجھے کپتانی کرنے میں مزہ آ رہا ہے کیونکہ ساتھی کھلاڑیوں، بالخصوص گیند بازوں نے اسے آسان بنا دیا ہے۔ ٹیم کا معاون عملہ جس طرح ٹیم کا انتظام کر رہا ہے وہ شاندار ہے۔

انہوں نے کہا، ’’مجھے لگتا ہے کہ ہماری ٹیم میں بہت اچھا مرکب ہے اور ہم نے اس پر بھی بہت کام کیا ہے۔ میں خوش ہوں، جس طرح سے ٹیم آگے بڑھ رہی ہے، مجھے امید ہے کہ ہم اسے برقرار رکھیں گے۔ ہم کسی بھی چیز کو ہلکے میں نہیں لے سکتے۔ ہمیں اپنی حکمت عملی کے ساتھ آنا ہے اور پھر اسے صحیح طریقے سے نافذ کرنا ہے۔‘‘


واضح رہے کہ ٹاس جیتنے کے بعد راجستھان رائلز نے دہلی کیپٹلز کو بلے بازی کی دعوت دی۔ دہلی کیپٹلز کی ٹیم نے 20 اوور میں آٹھ وکٹ پر 184 رنز بنائے۔ جواب میں راجستھان رائلز 19.4 اوورز میں 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ دہلی کیپٹلز 46 رنز سے اسی طرح جیت گئی اور پوائنٹ ٹیبل میں بھی سب سے اوپر پہنچ گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔