آئی پی ایل 2020: امت مشرا ٹورنامنٹ سے باہر، پھر بھی محفوظ نہیں ملنگا کا ریکارڈ!

چنئی سپر کنگز کے لیگ اسپنر پیوش چاؤلا آئی پی ایل کھیلتے ہوئے 162 میچوں میں 156 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور انہیں ملنگا کا ریکارڈ توڑنے کے لئے 15 وکٹیں درکار ہیں جو کہ ناممکن نہیں ہے۔

Getty Images
Getty Images
user

یو این آئی

دبئی: دہلی کیپٹلز کے سینئر لیگ اسپنر امت مشرا کے انجری کے سبب آئی پی ایل 13 سے باہر ہوجانے سے ممبئی انڈینز کے لست ملنگا کے ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے ریکارڈ کو اب چنئی سپر کنگز کے لیگ اسپنر پیوش چاؤلا سے خطرہ نظر آ رہا ہے۔ گویا کہ امت مشرا کے ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہونے کے باوجود ملنگا کا ریکارڈ محفوظ نہیں ہے۔

ممبئی انڈینز کے سری لنکن فاسٹ بالر ملنگا ذاتی وجوہات کی بناء پر اس بار ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے ہی ٹورنامنٹ سے پیچھے ہٹ گئے تھے ۔ ملنگا نے آئی پی ایل کے 122 میچوں میں 170 وکٹیں حاصل کی ہیں جو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ ہیں۔ دہلی کیپٹلز کے مشرا نے اس سیزن میں 150 میچوں میں اپنی وکٹوں کی تعداد 160 وکٹ پر پہنچادی تھی لیکن انگلی کی انجری کی وجہ سے مشرا باقی سیزن سے باہر ہوگئے تھے۔


جمعہ کے روز کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف میچ میں نتیش رانا کی گیند پکڑنے کے دوران مشرا کو انگلی میں چوٹ آئی۔ تاہم اس کے بعد بھی وہ بولنگ کرتے رہے اور شبمن گل کی وکٹ حاصل کی۔ شارجہ میں کھیلے گئے اس میچ میں انہوں نے 14 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ لیکن اس چوٹ نے انہیں آئی پی ایل سے باہر ہونے پر مجبور کردیا۔ مشرا اب اس چوٹ سے متعلق ماہرین سے مشورہ کریں گے۔

مشرا کے علاوہ اس بار چنئی کے آف اسپنر ہربھجن سنگھ اور چاؤلا بھی ملنگا کا ریکارڈ توڑنے کی دوڑ میں شامل تھے لیکن ہربھجن ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل سے پہلے ہی دستبردار ہوگئے تھے جبکہ مشرا انجری کی وجہ سے آؤٹ ہوگئے۔ اب ملنگا کا ریکارڈ توڑنے کا موقع چاؤلا کے پاس رہ گیا ہے جس کے لئے انہیں اپنی ٹیم کے آئندہ میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔

چاؤلا نے ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے 157 میچوں میں 150 وکٹیں حاصل کیں اور اس سیزن میں انہوں نے پانچ میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔ چاؤلا کے 162 میچوں میں 156 وکٹیں ہیں اور انہیں ملنگا کا ریکارڈ توڑنے کے لئے 15 وکٹیں درکار ہیں جو کہ ناممکن نہیں ہے۔


واضح رہے کہ چنئی سپرکنگز نے گزشتہ دسمبر میں آئی پی ایل-2020 نیلامی میں چاؤلا کو خریدنے پر 6.75 کروڑروپے خرچ کیے تھے اور اس سیزن میں انھیں موقع ہے کہ وہ قیمت کو قابل قدر بنائیں اور اپنی ٹیم کو پلے آف میں لے جائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔