آئی پی ایل : حیدرآباد نے گجرات کے فتح کے رتھ کو روک دیا

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے حیدرآباد کی شروعات سست رہی لیکن کپتان کین ولیمسن اور ابھیشیک شرما نے رفتار پکڑی اور اسکور کو بڑھایا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کپتان کین ولیمسن (57) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد نے کل آئی پی ایل میچ میں آٹھ وکٹوں سے جیت درج کرکے گجرات کی فتح کے رتھ کو روک دیا۔ حیدرآباد کی چار میچوں میں یہ دوسری جیت ہے جبکہ گجرات کی چار میچوں میں پہلی شکست۔

گجرات نے ہاردک پانڈیا (50) اور مڈل آرڈر بلے باز ابھینو منوہر (35) کی شاندار اننگز کی بدولت 2022 کے آئی پی ایل کے 21ویں میچ میں 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 162 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا، جبکہ حیدرآباد نے ولیمسن کے 57 اور نکولس پورن کے ناٹ آؤٹ 34 رنز کی بدولت 19.1 اوورز میں دو وکٹوں پر 168 رنز بنا کر شاندار فتح اپنے نام کی۔


ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے حیدرآباد کی شروعات سست رہی لیکن کپتان کین ولیمسن اور ابھیشیک شرما نے رفتار پکڑی اور اسکور کو بڑھایا۔ حیدرآباد کے پچھلے میچ کے ہیرو ابھیشیک 32 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنانے کے بعد راشد خان کا شکار بن گئے۔ راشد نے اپنی پرانی ٹیم حیدرآباد کو پہلا جھٹکا دیا، ابھیشیک نے آف اسٹمپ کی شارٹ گیند کو اڑانے کی کوشش کی، اچھی شاٹ لگائی لیکن پوری طاقت نہ لگا سکے، نوجوان سدرشن نے گیند پر نظر رکھی اور کیچ لیا۔ حیدرآباد کی پہلی وکٹ 64 کے اسکور پر گری۔

حیدرآباد کے بلے بازوں نے اس کے بعد راشد کو احتیاط سے کھیلا۔ ولیمسن نے 13ویں اوور میں مخالف کپتان ہاردک پانڈیا کی گیندوں پر لگاتار دو چھکے لگائے۔ راہل تیوتیا کی اننگز کے 14ویں اوور کی پہلی گیند پر راہل ترپاٹھی نے چھکا لگایا، لیکن پٹھوں میں کھنچاؤ کی وجہ سے انہیں باہر جانا پڑا۔اب نکولس پورن میدان میں آئے تب راشد خان 15واں اوور کروانے آئے۔ حیدرآباد کے بلے بازوں نے یہ اوور آرام سے کھیلا۔ اب آخری پانچ اوور میں حیدرآباد کو 47 رنز درکار تھے۔ ولیمسن نے لوکی فرگوسن کی گیند پر چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔


ولیمسن نے اسی اوور میں چوکا بھی لگایا۔ ہاردک کے اگلے اوور کی پہلی گیند پر ولیمسن کو کیچ کرادیا۔ ولیمسن لانگ آن پر کلیئر کرنا چاہتے تھے لیکن سلو گیند کی وجہ سے بال دور نہ جا سکی اور فیلڈر کو لانگ آن پر آسان کیچ مل گیا۔ ولیمسن نے 46 گیندوں میں دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔

نئے بلے باز ایڈن مارکرم میدان میں آئے۔ حیدرآباد کو آخری تین اووروں میں 28 رنز درکار تھے۔ پورن نے آخری 12 گیندوں پر فرگوسن کے اوور میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر فرق کو 13 رنز تک پہنچا دیا۔ پورن نے آخری اوور کی پہلی گیند پر فتح کاچھکا لگایا۔ پورن نے 18 گیندوں پر ناقابل شکست 34 رن میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے اور حیدرآباد نے میچ آٹھ وکٹ سے جیت لیا۔


اس سے قبل کپتان ہاردک پانڈیا (50) اور مڈل آرڈر بلے باز ابھینو منوہر (35) کی شاندار اننگز کی بدولت گجرات ٹائٹنز نے 2022 کے 21ویں میچ میں سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف آئی پی ایل کے میچ میں 20 اووروں میں سات وکٹوں پر 162 رنز کا مشکل ہد ف دیا۔

ٹاس ہارنے کے بعد گجرات نے ملا جلا آغاز کیا ۔ ٹیم نے پہلے اوور میں 17 رنز بنائے لیکن تیسرے اوور کی دوسری گیند پر ٹیم نےبلے باز شبھم گل کی وکٹ گنوا دی۔ اس کے بعد سائی سدرشن نے میتھیو ویڈ کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھانے کی کوشش کی، لیکن وہ بھی پہلا پاور پلے (چھ اوور) ختم ہونے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ ان کی وکٹ چھٹے اوور کی چوتھی گیند پر 47 کے سکور پر گری۔


اس کے بعد کپتان ہاردک پانڈیا کریز پر آئے اور ایک اینڈ کو تھام لیا لیکن اس دوران گجرات کی تیسری وکٹ 64 کے اسکور پر ویڈ کے طور پر گری۔ یہاں سے، پانڈیا نے وکٹوں کے گرنے سے روکنے کے لیے نئے بلے باز ڈیوڈ ملر کے ساتھ سمجھداری سے بلے بازی کی۔ پانڈیا نے درمیان میں کچھ زبردست ہٹ بھی لگائے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے زبردست پارٹنرشپ پروان چڑھ ہی رہی تھی کہ گجرات نے 104 کےا سکور پر ملر کے طور پر چوتھی وکٹ گنوائی، لیکن اس کے بعد پانڈیا نےبلے باز ابھینو منوہر کے ساتھ مل کر اننگز کو رفتار دی۔

پانڈیا اور منوہر کے شاندار شاٹس سے دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت ہوئی لیکن 19 ویں اوور کی پانچویں گیند پر منوہر وکٹ گنوا بیٹھے۔ راہل تیوتیا بھی آتے ہی آؤٹ ہو گئے اور راشد خان میچ کی آخری گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس طرح گجرات 162 کاا سکور بنانے میں کامیاب رہا۔ پانڈیا نے 41 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50 رنز بنائے جبکہ منوہر نے 21 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 35 رنز بنائے۔


حیدرآباد کی جانب سے تیز گیند باز بھونیشور کمار اور ٹی نٹراجن نے دو دو جبکہ عمران ملک اور مارکو یانسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */