گل اور موہت کے طوفان میں اُڑی ممبئی، خطاب بچانے سے ایک قدم دور گجرات

گجرات کی جانب سے دیے گئے ایک مشکل ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ممبئی کی ٹیم شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی اور سوریہ کمار کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی 50 سے اوپر نہ جا سکا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس&nbsp;</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

شبھمن گل (129 رن، 60 گیندں) کی رنوں کی برسات کے بعد موہت شرما (دس رن پر پانچ وکٹ) کی جارحانہ گیند بازی کی بدولت گجرات ٹائٹنز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا بارش سے متاثرہ میچ میں ممبئی انڈینز کو 62 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔

گجرات نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں پر 233 رنز بنائے جس کے جواب میں ممبئی کی پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 171 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ گجرات ٹائٹنز اب اتوار کو فائنل میں چنئی سپر کنگز سے ٹکرائے گی۔


نریندر مودی اسٹیڈیم میں بارش کی وجہ سے میچ مقررہ وقت سے تقریباً آدھا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ ٹاس جیتنے کے بعد ممبئی کے کپتان روہت شرما نے پچ میں موجود نمی کا اندازہ لگاتے ہوئے گجرات کو بیٹنگ سونپی، لیکن اوپنر کے طور پر میدان میں اترنے والے شبھمن کے تیور کا انہیں قطعی اندازہ نہیں تھا۔ کریز پر آتے ہی پنجاب کے متحرک کھلاڑی کے بلے نے آگ اگلنی شروع کر دی۔

شبھمن کے طوفان کو روکنے کی روہت سینا نےبھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہے اور دیکھتے ہی دیکھتے گجراتی شیر نے نہ صرف آئی پی ایل کی سنچری مکمل کی بلکہ اس کے بعد بھی ممبئی کے گیند بازوں پر کوئی رحم نہیں کیا۔ 129 رنز کی اپنی اننگز میں انہوں نے محض 60 گیندوں میں دس چھکے لگائے اور سات بار گیند کو باؤنڈری لائن سے باہر پہنچایا۔ انہیں آکاش مدھوال کے شاندار یارکر پر ٹم ڈیوڈ نے آؤٹ کیا۔ شبھمن نے سائی سدرشن (43) کے ساتھ 138 رنز کی شاندار شراکت بھی کی۔


گجرات کی جانب سے دیے گئے ایک مشکل ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ممبئی کی ٹیم شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی جب روہت شرما (8) اور نہال بڈھیرا (4) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، حالانکہ بعد میں تلک ورما (43، 14 گیندوں) اور سوریہ کمار یادو (61 رن ، 38 گیندوں) نے رنز کی رفتار بڑھانے کی بھرپور کوشش کی۔ اننگز کے 15ویں اوور میں بالنگ کے لیے آنے والے موہت شرما نے پہلے سوریہ کو پویلین واپس بھیجا جب کہ راشد خان نے کریز پر جمنے سے پہلے ہی ٹم ڈیوڈ کے پاؤں اکھاڑ دیے۔ موہت نے بچی کھچی کسر باقی چار وکٹ حاصل کرکے پوری کردی اورممبئی کو گجرات سے واپسی کا ہوائی ٹکٹ دے دیا۔ ممبئی نے پانچ وکٹ محض 16 رنز جوڑ کر گنوا دیے۔ سوریہ کمار اور تلک ورما کے بعد کیمرون گرین (30) واحد کھلاڑی تھے جو دوہرے ہندسے تک پہنچے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔