گل نے کوہلی سے فتح چھین لی، آر سی بی پلے آ ف کی دوڑ سے باہر

کوہلی کے جانشین کہلانے والے گل نے اپنی محنت رائیگاں نہ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر پانچ چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 104 رنز بنائے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

نوجوان باصلاحیت بلے باز شبھمن گل (ناٹ آؤٹ 104) کی شاندار سنچری کی بدولت گجرات ٹائٹنز نے رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر آئی پی ایل سے باہر کر دیا۔

وراٹ کوہلی (101 ناٹ آؤٹ) کی شاندار سنچری کی مدد سے آر سی بی نے گجرات کے سامنے 198 رنز کا ہدف رکھا تھا جو گجرات نے 19.1 اوور میں حاصل کر لیا۔


کوہلی نے 61 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 101 رنز بنائے اور آئی پی ایل کی اپنی مسلسل دوسری سنچری بنائی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے آئی پی ایل میں سب سے زیادہ سنچریاں (سات) بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس کے علاوہ وہ شیکھر دھون (2020) اور جوس بٹلر (2022) کے بعد مسلسل آئی پی ایل سنچریاں بنانے والے تیسرے بلے باز بن گئے۔

کوہلی کے جانشین کہلانے والے گل نے اپنی محنت رائیگاں نہ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر پانچ چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 104 رنز بنائے اور 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر فاتحانہ چھکا لگا کر گجرات کو ہدف تک پہنچا دیا۔ سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف پچھلے میچ میں 101 رنز بنانے کے بعد یہ گل کی آئی پی ایل کی مسلسل دوسری سنچری بھی تھی۔


آر سی بی (14 پوائنٹس) 14 میچوں میں سات جیت اور سات ہار کے ساتھ آئی پی ایل سے باہر ہو گیا، جبکہ ممبئی (16 پوائنٹس) اتوار کی سہ پہر کے میچ میں سن رائزرز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دینے کے بعد پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے والی چوتھی ٹیم بن گئی۔

قبل ازیں ٹاس ہارنے کے بعد بلے بازی کرتے ہوئے آر سی بی نے دھماکہ خیز آغاز کیا۔ کوہلی اور فاف ڈو پلیسس کی جوڑی ایک بار پھر پورے رنگ میں نظر آئی اور دونوں نے پاور پلے میں 62 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے رواں سیزن کی اپنی آٹھویں نصف سنچری شراکت داری کی۔ اس دوران اسپنرز بھی کوہلی کی رفتار پر قابو نہ رکھ سکے۔ انہوں نے راشد خان اور نور احمد کے پہلے اوورز میں ایک ایک چوکا لگا کر اننگز کو آگے بڑھایا۔


گجرات کو میچ پر قبضہ جمانے کے لیے پاور پلے ختم ہونے کا انتظار کرنا پڑا۔ ساتویں اوور میں صرف پانچ رنز بنانے کے بعد ڈو پلیسس (19 گیندوں، 28 رنز) اپنے ہاتھ کھولنا چاہتے تھے اور آٹھویں اوور کی پہلی ہی گیند پر سلپ میں کھڑے راہل تیوتیا کو کیچ دے بیٹھے۔ گلین میکسویل نے اپنی اننگز کا آغاز ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر کیا لیکن راشد کے ہاتھوں بولڈ ہونے سے قبل وہ صرف 11 رنز ہی بنا سکے۔

آر سی بی کے ٹاپ تھری بلے بازوں میں سے دو کے آؤٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر کی کمزوریوں کا پردہ فاش ہوا۔ ڈو پلیسس کی وکٹ لینے والے نور احمد نے مہیپال لومرور کو بھی آؤٹ کیا۔ مائیکل بریسویل کو تین 13 گیندوں کے اندر تین وکٹیں گرنے کے بعد بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا۔ انہوں نے کوہلی کے ساتھ 47 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے پانچ چوکوں کی مدد سے 16 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی۔


اس سے پہلے کہ آر سی بی مقابلہ پر غلبہ حاصل کرے محمد شامی نے بریسویل کو آؤٹ کر دیا۔ دنیش کارتک پہلی ہی گیند پر یش دیال کا شکار بنے۔ آدھی ٹیم پویلین لوٹنے کے بعد کوہلی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کو باعزت اسکور تک لے جانے کی ذمہ داری لی۔ کوہلی نے 306 کے سنسنی خیز اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر اپنی پچاس رنز تک پہنچنے کے بعد اپنی سنچری مکمل کی۔

دوسرے سرے پر کھڑے انوج راوت نے سنبھلنے میں وقت لیا لیکن انہوں نے بھی اننگز کی آخری تین گیندوں پر 12 رنز بنائے۔ راوت 13 گیندوں پر 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے کیونکہ آر سی بی نے 197/5 کا اسکور کیا۔


نور احمد نے چار اوورز میں 39 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ راشد خان (چار اوورز، 24 رنز)، یش (چار اوور، 39 رنز) اور شامی (چار اوورز، 39 رنز) نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ گجرات کے لیے موہت شرما سب سے ناکام بولر رہے جنہوں نے چار اوور میں 54 رنز دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔