دہلی نے آئی پی ایل میں پہلی جیت درج کی، پوائنٹس ٹیبل میں کھولا کھاتہ

دہلی کے بلے بازوں نے اپنی مایوس کن کارکردگی سے اس میچ کو اور بھی سنسنی خیز بنا دیا۔ وارنر کے علاوہ کوئی دوسرا بلے باز نمایاں شراکت نہ کر سکا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ آئی اے این ایس</p></div>

تصویر بشکریہ آئی اے این ایس

user

یو این آئی

دہلی کیپٹلس نے آئی پی ایل 2023 کے سیزن میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد کپتان ڈیوڈ وارنر (57) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت جمعرات کے روز کولکاتہ نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کو چار وکٹ سے شکست دے کر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنی پہلی جیت درج کی۔

بارش سے متاثرہ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کے کے آر کی پوری ٹیم 127 رن کے اسکور پر آؤٹ ہوگئی۔ دہلی نے یہ ہدف 19.2 اوور میں حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل میں اپنا کھاتہ کھول لیا۔


دہلی کے بلے بازوں نے اپنی مایوس کن کارکردگی سے اس میچ کو اور بھی سنسنی خیز بنا دیا۔ وارنر کے علاوہ کوئی دوسرا بلے باز نمایاں شراکت نہ کر سکا جس کی وجہ سے ٹیم کو آخری اوور میں سات رنز درکار تھے۔ اکشر پٹیل (ناٹ آؤٹ 19) نے پہلی دو گیندوں میں چار رنز بنائے، جب کہ کلونت کھجرولیا نے دوسری گیند پر نو بال کر کے دہلی کا کام آسان کر دیا۔ اکشر نے آخر کار دوسری گیند پر دو رنز بنا کر دہلی کی پہلی جیت کو یقینی بنایا۔

واضح رہےکے کے آر کی جانب سے جیسن رائے نے سب سے زیادہ 43 رن جبکہ آندرے رسل نے 31 گیندوں پر 38 رن بنائے۔ کے کے آر کے آٹھ بلے باز د ہندسو کو بھی نہیں چھو سکے۔ بارش سے متاثرہ میچ میں دہلی نے ٹاس جیت کر گیند بازی کی، جس سے کے کے آر پہلے ہی اوور سے دباؤ میں آگیا۔ مکیش کمار (15/1) نے دوسرے اوور میں اوپنر لٹن داس کی وکٹ حاصل کی، جبکہ اینریچ نورکھیا (20/2) نے گذشتہ میچ کے سنچری بنانے والے وینکٹیش ایر کو صفر پر آؤٹ کیا۔


طویل وقفے کے بعد آئی پی ایل میں واپسی کرتے ہوئے ایشانت شرما (19/2) نے کے کے آر کے کپتان نتیش رانا کی وکٹ لے کر پاور پلے کا خاتمہ کیا، جس کے بعد اسپنرز نے ذمہ داری سنبھالی۔

اکشر پٹیل نے اپنے پہلے اوور میں صرف چار رنز دینے کے بعد دوسرے اوور میں مندیپ سنگھ کو بولڈ کر دیا۔ تین اووروں میں 13 رن دینے والے اکشر نے رنکو سنگھ کا وکٹ لے کر اپنے اسپیل کا خاتمہ کیا۔
اوپنر جیسن رائے اس دوران وکٹ پر موجود رہے۔ اس نے جوابی کارروائی کے ارادے سے کلدیپ یادو کو 10ویں اوور میں چھکا لگایا۔ رائے کو 24 پر لائف لائن ملی، حالانکہ وہ اپنی ٹیم کو مشکل سے نہیں نکال سکے اور 43 کے اسکور پر کلدیپ (15/2) کا شکار ہو گئے۔ کلدیپ نے اگلی ہی گیند پر انوکول رائے کی وکٹ بھی لی۔


اس دوران سنیل نارائن اور امیش یادو کے گرنے کے ساتھ ہی کے کے آر 16ویں اوور میں ہی آل آؤٹ ہونے کے قریب پہنچ گئی، جس کے بعد رسل نے شاندار 38 رنز بنا کر ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔ رسل نے اپنی اننگز میں ایک چوکا اور چار چھکے لگائے۔ اننگز کی آخری گیند پر ورون چکرورتی رن چرانے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوئے اور کے کے آر 127 رنز پر سمٹ گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔