کارتک کی طوفانی اننگز کی وجہ سے بنگلورو نے دہلی کو شکست دی

پہلی اننگز میں ایسا لگ رہا تھا کہ آر سی بی کی ٹیم بھی قابل احترام اسکور تک نہیں پہنچ پائے گی اور پھر فنشر کارتک آئے اور وہ ٹیم کو بڑے اسکور تک لے گئے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

فارم میں چل رہے وکٹ کیپر دنیش کارتک (ناٹ آؤٹ 66) اور آل راؤنڈر گلین میکسویل (55) کی شاندار نصف سنچریوں اور تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ (28 رنز دے کر 3 وکٹ) اور محمد سراج (31 رنز دے کر 2 وکٹ) کی بہترین گیندبازی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور نے آئی پی ایل کے میچ میں دہلی کیپٹلز کو 16 رنز سے شکست دی۔

بنگلورو نے 20 اووروں میں پانچ وکٹ پر 189 کا چیلنجنگ اسکور بنایا اور دہلی کو سات وکٹ پر 173 تک محدود کردیا۔ اس طرح بنگلورو نے چھ میچوں میں چوتھی جیت حاصل کی جبکہ دہلی کو پانچ میچوں میں تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بنگلورو اب آٹھ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔


ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پرتھوی شا 13 گیندوں میں 16 رنز بنا کر محمد سراج کا شکار بنے۔ ڈیوڈ وارنر نے وکٹوں کے گرنے کے درمیان 38 گیندوں پر 66 رنز میں چار چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔ کپتان رشبھ پنت نے 17 گیندوں پر 34 رن میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے۔ پنت کو سراج کی گیند پر وراٹ کوہلی نے ہوا میں اچھلتے ہوئے ایک ہاتھ سے لپکا۔ پنت کا وکٹ 142 کے اسکور پر گرا۔ اس سے قبل مچل مارش 24 گیندوں پر 14 رنز بنانے کے بعد نان اسٹرائیکر اینڈ پر رن ​​آؤٹ ہوئے۔

شاردول ٹھاکر دو چھکوں کی مدد سے 17 رنز بنانے کے بعد جوش ہیزل ووڈ کا شکار بنے۔ دہلی کا ساتواں وکٹ 156 کے اسکور پر گرا۔ اکشر پٹیل اور کلدیپ یادو نے ناٹ آؤٹ 10-10 رنز بنائے لیکن دہلی ہدف سے دور رہ گئی۔ اس سے قبل کارتک نے 34 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 66 رنز میں پانچ چوکے اور پانچ چھکے لگائے جبکہ میکسویل نے 34 گیندوں پر 55 رنز میں سات چوکے اور دو چھکے لگائے۔ شہباز احمد نے 21 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 32 رنز میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔


92 کے اسکور پر میکسویل کی وکٹ گرنے کے بعد کارتک اور شہباز نے چھٹی وکٹ کی ناٹ آؤٹ شراکت میں 97 رنز جوڑے۔ دہلی کی جانب سے شاردول ٹھاکر، خلیل احمد، اکشر پٹیل اور کلدیپ یادو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آر سی بی کے لیے یہ کتنا زبردست میچ تھا انھوں نے آج جوابی حملے کی ایک مضبوط تعریف پیش کی۔ پہلی اننگز میں ایسا لگ رہا تھا کہ آر سی بی کی ٹیم بھی قابل احترام اسکور تک نہیں پہنچ پائے گی اور پھر فنشر کارتک آئے اور وہ ٹیم کو بڑے اسکور تک لے گئے۔ اس کے بعد ان کی ٹیم گیند بازی کے لیے باہر آئی تو ان کے گیند بازوں نے دہلی کو کوئی موقع نہیں دیا۔ وارنر کی اننگز کو دیکھ کر ایک بار تو ایسا لگ رہا تھا کہ دہلی کی ٹیم ہدف تک پہنچ سکتی ہے لیکن ایسا نہیں ہوا اور ٹیم ہدف سے بہت دور رہ گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Apr 2022, 7:11 AM