دہلی نے راجستھان کو شکست دے کر پلے آف کی اپنی امیدیں برقرار رکھیں

اس جیت کے ساتھ دہلی کے 12 پوائنٹس ہو گئے ہیں جبکہ راجستھان 14 پوائنٹس پر برقرار ہے۔ دونوں ٹیموں نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پرانی جگہ برقرار رکھی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

مچل مارش نے89 اور ڈیوڈ وارنر نے52 بنائے اور دہلی نے راجستھان رائلز کو شکست دینے کے بعد پلے آف میں پہنچنے کے اپنے امکانات کو زندہ رکھا۔ راجستھان نے دہلی کو 20 اوور میں 161 رن کا ہدف دیا تھا جسے ریشبھ پنت کی ٹیم نے 11 گیندوں کے باقی رہتے ہوئےحاصل کر لیا ۔

دہلی، جس نے اپنا پچھلا میچ چنئی سپر کنگز سے 91 رنز سے ہارا تھا، اننگز کی دوسری گیند پر اوپنر سریکر بھرت کو صفر پر کھو دیا۔ اس کے باوجود آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے دوسری وکٹ کے لیے 144 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو فتح دلائی۔


اس جیت کے ساتھ دہلی کے 12 پوائنٹس ہو گئے ہیں جبکہ راجستھان 14 پوائنٹس پر برقرار ہے۔ دونوں ٹیموں نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پرانی جگہ برقرار رکھی ہے۔ ابھی تک صرف ہاردک پانڈیا کی گجرات ٹائٹنز نے ہی پلے آف میں جگہ بنائی ہے۔

ٹاس جیتنے کے بعد دہلی نے راجستھان کو پہلے بلے بازی کے لیے بلایا۔چیتن سکاریا (23 رن پر 2) اور مچل مارش (25 رن پر 2) نے رائلز کو 20 اوورز میں 160 تک محدود کرنے میں مدد کی۔دہلی کے لیے بولنگ کرتے ہوئے چیتن سکاریا نے راجستھان کے اوپنر جوس بٹلر کو میچ کے اپنے تیسرے اوور میں صرف 7 (11) پر آؤٹ کیا۔ دوسرے اوپنر یاشاسوی جیسوال بھی اننگز کے آٹھویں اوور میں 19 گیندوں میں 19 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔


آل راؤنڈر روی چندرن اشون نے چار چوکوں اور دو چھکوں سے جڑے 50 (38) رنز کے ساتھ راجستھان کی اننگز کو توازن فراہم کیا، حالانکہ درمیانی اووروں میں راجستھان نے تیزی سے وکٹیں گنوائیں۔
دیودت پڈیکل نے چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 48 (30) رنز بنا کر رائلز کو 160 تک پہنچا دیا۔اس کے علاوہ رائسی وین ڈیر ڈوسن نے 10 گیندوں میں 12 رنز بنائے جبکہ کپتان سنجو سیمسن (چھ) اور ریان پیراگ (نو) دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکے۔

دہلی کے لیے سکاریا نے اپنے چار اووروں میں 23 رن دے کر دو وکٹ لیے، جب کہ مارش نے صرف تین اووروں میں دو وکٹ لئے ۔ دو وکٹیں لینے والے اینریک نورکھیا قدرے مہنگے ثابت ہوئے اور انہوں نے اپنے چار اوورز میں 39 رنز دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */