لگاتار 2 شکستوں کے بعد دہلی نے لکھنؤ کو 6 وکٹوں سے ہرایا

لکھنؤ سپر جائنٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے 167 رنز بنائے جو ہدف دہلی نے خراب شروعات کے با وجود حاصل کر لیا اور اپنی جیت درج کرائی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

دہلی کیپٹلس(ڈی سی) نے لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی )کو 6 وکٹوں سے شکست دی ۔ لکھنؤ سپر جائنٹس نے اس سے قبل اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے 167 رنز بنائے ۔ دوسری جانب ہدف کے تعاقب میں دہلی کی شروعات اچھی نہیں رہی کیونکہ ڈیوڈ وارنر صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد پرتھوی شا نے ذمہ داری سنبھالی لیکن پچھلے میچ کی طرح وہ ففٹی اسکور نہیں کر سکے۔ وہ 22 گیندوں پر 32 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ دہلی نے پہلے ہاف میں بہت سست بلے بازی کی، لیکن اس کے بعد رشبھ پنت اور ڈیبیو کرنے والے جیک فریزر میک گرک نے طوفانی انداز میں بلے بازی کی اور ایل ایس جی کے گیند بازوں کی دھجیاں اڑا دیں۔ ایک طرف پنت نے 24 گیندوں میں 41 رن کی اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 4 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ دوسری جانب  میک گرک نے 35 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔ انہوں نے 2 چوکے اور 5 چھکے بھی لگائے۔

پہلے 10 اوور میں دہلی کیپٹلس کا اسکور 2 وکٹ پر 75 رن تھا، لیکن یہاں سے ڈی سی کے بلے بازوں نے رفتار پکڑنی شروع کر دی۔ رشبھ پنت اور میک گرک نے اگلی 24 گیندوں پر 61 رنز بنائے اور 4 اوورز کے اس عرصے میں دونوں نے مل کر 5 فلک بوس چھکے اور  4 شاندار چوکے لگائے۔ لیکن 15ویں اوور میں میک گرک اور اگلے ہی اوور میں رشبھ پنت کے آؤٹ ہونے سے میچ  پھنسا ہوا دکھائی دینے لگا۔ پنت اور میک گرک کے درمیان 77 رنز کی شراکت ہوئی۔ دہلی کو 3 اوور میں صرف 10 رنز درکار تھے۔ شی ہوپ اور ٹرسٹن اسٹبس نے جلدی نہیں کی اور 11 گیندیں باقی رہتے ہوئے 6 وکٹوں سے دہلی کی جیت کو یقینی بنایا۔ کلدیپ یادو نے دہلی کیپٹلس کے لیے گیند بازی کرتے ہوئے ایل ایس جی کی بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی۔ نکولس پورن کی گیند بازی میچ کا سب سے یادگار لمحہ تھا۔ انہوں نے 4 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔


لکھنؤ اور دہلی کے درمیان ہونے والے اس میچ میں نوجوان کھلاڑیوں کا غلبہ رہا۔ اس سے قبل لکھنؤ نے صرف 74 رنز پر 7 وکٹیں گنوا دی تھیں لیکن اس کے بعد آیوش بدونی نے 35 گیندوں میں 55 رنز بنائے اور ارشد خان نے بھی 16 گیندوں میں 20 رنز بنا کر لکھنؤ کو 167 رنز تک پہنچا دیا۔ اس دوران ارشد خان نے بھی بولنگ میں اپنی لائن، لینتھ اور رفتار سے متاثر کیا۔ دوسری جانب دہلی کےجیک فریزر میک گرک نے اپنے ڈیبیو میچ میں 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔