کانوے سنچری سے چوکے لیکن چنئی نے دہلی کو دی 91 رنز سے کراری مات

چنئی نے 20 اوو ر میں چھ وکٹ پر 208 رنز کا مضبوط اسکور بنایا اور دہلی کو 17.4 اوور میں 117 رنز پر روک کر میچ جیت لیا ۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سلامی بلے باز ڈیون کانوے (87) اپنی سنچری کے قریب پہنچ کر چوک گئے لیکن ان کی شاندار اننگزاور ساتھی جوڑی دار ریتوراج گائیکواڈ (41)کے ساتھ 110 رنز کی اوپننگ ساجھے داری اور معین علی (13 رنز پر تین وکٹ)کی خطرناک گیند بازی کی مدد سے چنئی سپر کنگس نے دہلی کیپیٹل کو آئی پی ایل مقابلے میں 91 رنز سے کراری شکست دے دی۔

چنئی نے 20 اوو ر میں چھ وکٹ پر 208 رنز کا مضبوط اسکور بنایا اور دہلی کو 17.4 اوور میں 117 رنز پر تھام لیا۔چنئی کی 11 میچوں میں یہ چوتھی جیت ہے جبکہ دہلی کو 11 میچوں میں چھٹی ہار کا سامنا کرنا پڑا۔چنئی نے اس طرح اس سیشن کے رنز کے لحاظ سے سب سے بڑی جیت حاصل کی۔


ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے چنئی کے اوپنرز نے شاندارایننگز کھیلی۔ گائیکواڑ 33 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کونوے نے پھر شیوم دوبے کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 59 رنز جوڑے۔ کانوے نے 49 گیندوں میں سات چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے اور وہ خلیل احمد کی گیند پر وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شیوم دوبے 19 گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان مہندر سنگھ دھونی نے صرف آٹھ گیندوں میں ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 21 رنز بنائے اور چنئی کو چوتھی بار 200 سے آگے لے گئے۔ امباتی رائیڈو پانچ اور معین علی نو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رابن اتھپا کا کھاتہ بھی نہیں کھلا تھا۔دہلی کے لیے اینریک نورٹجے نے 42 رن پر تین اور خلیل نے 28 رن پر دو وکٹ لئے۔


ہدف کے تعاقب میں دہلی نے اچھی شروعات کی اور ایک موقع پر دہلی کا اسکور آٹھویں اوور میں دو وکٹ پر 72 رنز تھا لیکن آف اسپنر معین علی نے پھر مہلک اسپیل کے ساتھ دو اووروں میں تین وکٹ لے کر دہلی کی کمر توڑ دی۔ دہلی نے 45 رنز جوڑ کر اپنے آخری آٹھ وکٹ گنوا دیے۔

معین نے مچل مارش، رشبھ پنت اور ریپل پٹیل کی وکٹیں لیں۔ مارش نے سب سے زیادہ 25 رنز بنائے۔ شاردول ٹھاکر نے 24 رنز بنائے۔ دہلی ان جھٹکوں کے بعد سنبھل نہیں سکی اور 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ڈوین براوو نے اننگز کے 18ویں اوور میں یکے بعد دیگرے گیندوں پر ٹھاکر اور خلیل احمد کی وکٹیں لے کر چنئی کیمپ کو خوشیوں سے بھر دیا۔ مکیش چودھری، سمرجیت سنگھ اور براوو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔


209 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دہلی کی ٹیم کی اوپننگ جوڑی جلد ہی پویلین لوٹ گئی۔ مارش اور پنت نے پھر واپسی کی، لیکن معین علی کے اسپیل نے چنئی کو کھیل میں واپس لایا، پہلے مارش کے پویلین میں، اس کے بعد پنت کی وکٹ نے دہلی کو بیک فٹ پر ڈال دیا۔ مکیش چودھری نے پاول کو پویلین لوٹا کر درست کام کیا۔ پنت نے 11 گیندوں میں 21 رن بنائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔