گایکواڑ 99 پر آؤٹ ہوئے لیکن چنئی نے حیدرآباد کو شکست دی

مہندر سنگھ دھونی نے چنئی کی کپتانی واپس لیتے ہی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا اور چنئی کی امیدوں کو قائم رکھا ۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ریتوراج گائیکواڑ 99 رن بنا کر آؤٹ ہوئے اور صرف ایک رن سے سنچری سے محروم رہ گئے لیکن ان کی شاندار اننگز اور ڈیون کانوے (85 ناٹ آؤٹ) کے ساتھ 182 رنز کی ریکارڈ اوپننگ شراکت داری اور مکیش چودھری (46 رن پر 4 وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت چنئی سپر کنگس نے اتوار کے روز آئی پی ایل کے ایک میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کو 13 رنز سے شکست دی اور ٹورنامنٹ میں تیسری جیت کے ساتھ اپنی امیدوں کو قائم رکھا۔

چنئی نے 20 اووروں میں دو وکٹ پر 202 کا بڑا اسکور بنایا اور حیدرآباد کو 20 اووروں میں چھ وکٹ پر 189 تک سمیٹ دیا۔ حیدرآباد کو اس طرح نو میچوں میں چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری طرف مہندر سنگھ دھونی نے چنئی کی کپتانی واپس لیتے ہی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔


گائیکواڑ نے 57 گیندوں پر 99 رن میں چھ چوکے اور چھ چھکے لگائے۔ گائیکواڑ کو ٹی نٹراجن نے بھونیشور کمار کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ کانوے نے 55 گیندوں پر ناقابل شکست 85 رنز میں آٹھ چوکے اور چار چھکے لگائے۔ کپتانی میں واپس آنے والے مہندر سنگھ دھونی تیسرے نمبر پر اترے اور سات گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رویندر جڈیجہ ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ حیدرآباد کی جانب سے نٹراجن نے 42 رن پر دونوں وکٹیں حاصل کیں۔

ایک موقع پر، ایسا لگتا تھا کہ کانوے اور گایکواڈ 230 تک کے اسکور کی بنا دیں گے۔ تاہم حیدرآباد کے گیند بازوں نے آخری تین چار اووروں میں بہت کم رنز دیتے ہوئے اچھی واپسی کی۔ چنئی شاید پہلی بار آئی پی ایل 2022 میں فارم میں نظر آئی اور اس نے ایک معقول اسکور بنایا۔


چنئی کی جیت کی بنیاد اس کے سلامی بلے بازوں اور گیند بازوں نے رکھی جنہوں نے اسے فتح تک پہنچایا۔ ابھیشیک اور ولیمسن نے تیز شروعات کی لیکن مکیش نے ایک ہی اوور میں دو وکٹ لے کر انہیں بیک فٹ پر کھڑا کردیا۔ چنئی کے تمام اسپنروں نے حیدرآباد کے بلے بازوں کو خاموش رکھنے کا کام کیا اور انہوں نے بہت آرام سے گیند بازی کی۔ ڈوین براوو کی غیر موجودگی میں، چنئی کے گیند بازوں نے ایک بڑے ہدف کا دفاع کرنے کے لیے اچھی گیند بازی کی۔

حیدرآباد کی جانب سے ابھیشیک شرما نے 39، کپتان کین ولیمسن 47 اور نکولس پورن نے 33 گیندوں میں تین چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 64 رنز بنائے لیکن آخر میں ہدف بہت بڑا ثابت ہوا۔ اس کے ساتھ ہی چنئی نے آئی پی ایل 2022 میں اپنا تیسرا میچ جیت لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔