بنگلور بمقابلہ حیدر آباد: کوہلی نے کیا مایوس، پڈکل اور ڈیویلیرس کی بدولت اسکور پہنچا 163

آر سی بی کی طرف سے سلامی بلے باز دیودت پڈکل نے شروع سے ہی بہترین بلے بازی کی اور دوسری طرف فنچ نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ پڈکل نے 42 گیند میں 56 رن بنائے اور شنکر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

آئی پی ایل 2020 میں رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) اور سنرائزرس حیدر آباد (ایس آر ایچ) کے درمیان میچ کھیلا جا رہا ہے جس میں حیدر آباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ آر سی بی کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 5 وکٹ پر 163 رن بنائے ہیں۔ یعنی حیدر آباد کے سامنے جیت کے لیے 164 رن کا ہدف ہے۔

آر سی بی کی طرف سے سلامی بلے باز دیودت پڈکل نے شروع سے ہی بہترین بلے بازی کی اور دوسری طرف فنچ نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ پڈکل نے 42 گیند میں 56 رن بنائے اور شنکر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر فنچ بھی 29 گیندوں پر 27 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دونوں نے آر سی بی کو اچھی شروعات دی تھی لیکن اس کے بعد کپتان وراٹ کوہلی زیادہ دیر تک میدان میں نہیں ٹک سکے۔ انھوں نے 13 گیند میں 14 رن بنائے اور نٹراجن کی گیند پر راشد خان کو کیچ دے دیا۔


وراٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد اے بی ڈیویلیرس نے تیزی کے ساتھ رن بنانے کا ذمہ سنبھالا اور بیسویں اوور میں انھوں نے اپنی نصف سنچری بھی پوری کر لی۔ لیکن فوراً ہی وہ 51 رن (30 گیندوں پر) بنا کر رَن آؤٹ ہو گئے۔ آخری اوور میں شیوم دوبے بھی 7 رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ اس طرح آر سی بی کی ٹیم 20 اوور میں 163 رن ہی بنانے میں کامیاب ہوئی۔

جہاں تک حیدر آباد کی گیندبازی کا سوال ہے، بھونیشور کمار نے سب سے کفایتی گیندبازی کرتے ہوئے 4 اوور میں 25 رن دیے، حالانکہ انھیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔ نٹراجن (4 اوور 34 رن)، شنکر (1.2 اوور 14 رن) اور ابھشیک شرما (2 اوور 16 رن) کو ایک ایک وکٹ حاصل ہوا۔ راشد خان نے 4 اوور میں 31 رن دیے جب کہ سندیپ شرما نے 4 اوور میں 36 رن دے دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔