مودی جی نے ملک کو ’ڈیمونیٹائیز‘ کیا ہم اسے ’ریمونیٹائیز‘ کریں گے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا، مودی جی نے ملک کو ڈیمونیٹائز کیا کانگریس اپنی نیائے اسکیم سے اسے ریمونیٹائز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ رافیل سودے کی اگر غیرجانبدارانہ جانچ ہوتی ہے تو مودی کا جیل جانا یقینی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نیائے سے ری مونیٹائیز ہوگی معیشت

راہل گاندھی نے ہندی روزنامہ ’ہندوستان‘ کو دیئے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ملک کا موڈ تبدیل ہو رہا ہے اور نوجوان کانگریس کی طرف امید سے دیکھ رہے ہیں۔ ملک کے غریبوں کے لئے کم از کم آمدنی گارنٹی یعنی نیائے سے سیاسی تناظر بدلنے والا ہے۔ راہل گاندھی کا خیال ہے کہ اس منصوبہ سے ملک کو ریمونیٹائیز کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا، ’’نیائے ہندوستان کی معیشت کو ریمونیٹائیز کرے گا۔ جیسے انجن میں پٹرول ڈالا جاتا ہے، نیائے منصوبہ ملک کی معیشت کو جمپ اسٹارٹ کر دے گا۔‘‘

بی جے پی کے اس بیان پر کہ نیائے منصوبہ کے لئے پیسہ کہاں سے آئے گا، کانگریس صدر نے کہا، ’’ہم نے ہمیشہ اپنے وعدے کو نبھایا ہے۔ ہم نے مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ، پنجاب، کرناٹک میں کسانوں سے قرض معافی کا وعدہ کیا تھا۔ نریندر مودی نے کہا تھا کہ کسانوں کی قرض معافی کے لئے پیسہ نہیں ہے لیکن ہم نے کانگریس کی حکومت سازی کے 48 گھنٹے میں قرض معافی کر کے دکھایا۔

نہ ٹیکس بڑھے گا، نہ متوسط طبقہ پر بوجھ

راہل گاندھی نے کہا کہ اب وہ کہہ رہے ہیں کہ نیائے منصوبہ کے تحت پانچ کروڑ خاندانوں کے لئے 72 ہزار روپے سالانہ کی رقم کہاں سے آئے گی؟ میں بتایا ہوں کہ مودی جی کے مٹھی بھر صنعت کار دوستوں کی جیب سے پیسہ نکلے گا، متوسط طبقہ پر بوجھ نہیں ڈلا جائے گا، ان سے ایک روپیہ بھی نہیں لیا جائے گا اور نہ ہی ٹیکس میں اضافہ ہوگا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس سے غریبوں کے ہاتھ میں اور پیسہ آئے گا، مانگ بڑھے گی اور نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

راہل گاندھی کا خیال ہے کہ نوٹ بندی، معیشت کی بدحالی اور جی ایس ٹی جسے (راہل گاندھی) گبر سنگھ ٹیکس کہتے ہیں، مودی کے دور کی سب بڑی ناکامیاں ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’مودی جی کی ایک اور خامی ہے کہ انہیں زرعی علاقہ کے مسائل معلوم نہیں ہیں۔ نریندر مودی کو یہ سمجھ نہیں آتا کہ ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت کھیتی ہے اور آپ اسے درکنار نہیں کر سکتے۔ ان کی ایک اور خامی یہ ہے کہ کالے دھن کے خلاف لڑائی میں وہ فیل ثابت ہوئے ہیں۔‘‘

’رافیل کی جانچ ہوئی تو جیل جائیں گے مودی‘

رافیل کے معاملہ پر راہل گاندھی نے کہا، ’’دی ہندو اخبار نے رافیل کو لے کر جو دستاویز شائع کیے ہیں ان سے صاف ہے کہ نریندر مودی ہندوستان کی نیگوسی ایشن ٹیم کو بائی پاس کر کے رافیل کی قیمت کا مول بھاؤ سیدھے دسالٹ کمپنی سے کر رہے تھے۔ اکیلے انہیں کے کاغذات کی بنیاد پر نریندر مودی جیل جاسکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستان کی مول بھاؤ کرنے والی ٹیم کہہ رہی ہے کہ ہمارا سالوں کا کام وزیر اعظم نے بائی پاس کر دیا۔ بائی پاس کرنے کی کوئی نہ کوئی وجہ تو ہوگی، ایک وجہ ہو سکتی ہے بدعنوانی۔ مودی جی نے ان کاغذات کے بارے میں آج تک کچھ نہیں بولا۔‘‘

کانگریس صدر نے دہرایا کہ رافیل کے معاملہ پر ملک کا قانون اپنا کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں ملک کے دفاعی نظام کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ مجھے کچھ معلوم نہیں۔ وزیر دفاع کے افسران کہتے ہیں کہ وزیر اعظم خود مول بھاؤ کر رہے ہیں، یہ ایک جرم ہے۔‘‘ انہوں نے سوال پوچھا، ’’526 کروڑ کا رافیل جہاز 1600 کروڑ میں خریدا جائے گا اور وہ ہندوستان میں تخلیق بھی نہیں ہوگا کیا یہ رویہ قوم پرست ہو سکتا ہے!‘‘

ملک کے نوجوانوں کو کانگریس سے امیدیں

لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بارے میں کانگریس صدر نے کہا کہ مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’نمبر تین کی بجائے آپ عوام کا موڈ دیکھیں۔ تبدیلی کا ماحول صاف نظر آ رہا ہے۔ اس کی تین وجوہات ہیں۔ پہلا بے روزگاری عروج پر ہے، نوجوان بے چین ہے۔ دوسرا کھیتی اور کسان بحران سے دو چار ہیں اور مودی جی بے خبر ہیں۔ تیسرا ایشو ہے چہار سو پھیلی ہوئی بدعنوانی جس میں مودی کا کردار بھی صاف نظر آ رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔