یمن: عدن ایئرپورٹ پر وزیر اعظم کے طیارے پر حملہ، 26 افراد ہلاک، متعدد زخمی

حملے کے بعد وزیراعظم معین عبدالمالک سمیت کابینہ کے وزراء اور یمن میں متعیّن سعودی سفیر محمد سعید ال جابر کو باحفاظت شہر کے صدارتی محل میں منتقل کردیا گیا ہے

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

عدن: یمن میں واقع عدن بین الااقوامی ایئرپورٹ پر بدھ کے روز نو تشکیل شدہ حکومت کے وزیراعظم اور کابینہ ارکان کے طیارے پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجہ میں 26 افراد کی جان چلی گئی جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق یمن کے عدن ایئرپورٹ کو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب سعودی عرب سے ایک طیارہ نئی تشکیل شدہ یمنی حکومت کے وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو لیکر ہوائی اڈے پہنچا تھا۔

جیسے ہی نوتشکیل شدہ یمنی حکومت کے ارکان طیارے سے باہر نکلے، یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ ایئرپورٹ پر بھگدڑ مچ گئی اور سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو محاصرہ میں لے لیا۔


حکومت کی ٹوئٹر پر جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 50 سے زائد افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے ابتدائی طور پر 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تھی اور بعدازاں 17 مزید ہلاکتوں کی تصدیق ہو گئی۔ سیکیورٹی اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

حملے کے بعد وزیراعظم معین عبدالمالک سمیت کابینہ کے وزراء اور یمن میں متعیّن سعودی سفیر محمد سعید ال جابر کو باحفاظت شہر کے صدارتی محل میں منتقل کردیا گیا ہے۔ یمنی وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’عدن کے ہوائی اڈے پر دہشت گردی کی یہ بزدلانہ کارروائی یمنی ریاست اور اس کے عظیم عوام کے خلاف مسلط کردہ جنگ کا حصہ ہے۔‘‘

واضح رہے کہ 18 دسمبر کو عالمی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت اور جنوبی یمن کے علیحدگی پسندوں نے مل کر ایک اتحادی حکومت قائم کی تھی جب کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔