پیشہ ور ریسلر ہلک ہوگن کا 71 برس کی عمر میں انتقال
پیشہ ور ریسلر ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں فلوریڈا میں انتقال کر گئے۔ وہ صرف ریسلر نہیں تھے بلکہ عالمی ثقافتی علامت تھے جنہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای کو دنیا بھر میں پہچان دلائی

ہلک ہوگن / Getty Images
فلوریڈا: پیشہ ور ریسلنگ کی دنیا کا ایک درخشاں باب بند ہو گیا۔ ڈبلیو ڈبلیو ای کے سپر اسٹار اور عالمی شہرت یافتہ ریسلر ٹیری جین بولیا، جو ’ہلک ہوگن‘ کے نام سے مشہور تھے، 71 برس کی عمر میں فلوریڈا کے شہر کلئیر واٹر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی تصدیق ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر کی۔
سی این این اور دیگر امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہلک ہوگن کو جمعرات کی صبح دل کا دورہ پڑا۔ ایمرجنسی ٹیم اور پولیس فوری طور پر ان کے گھر پہنچی، جہاں سے انہیں اسٹریچر پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی بیوی نے چند ہفتے قبل ان کے بے ہوش ہونے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صحتیاب ہو رہے ہیں اور ان کا دل مضبوط ہے، تاہم قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔
ہلک ہوگن صرف ایک ریسلر نہیں بلکہ ایک ’ریئل لائف سپر ہیرو‘ تھے، جو 1980 کی دہائی میں کروڑوں شائقین کے دلوں پر راج کرتے تھے۔ ان کا طاقتور جسم، پیلا اور سرخ رنگ کا مخصوص لباس اور ان کا نعرہ ’ہلک اَپ‘ ریسلنگ کی پہچان بن گئے تھے۔ انہوں نے 1984 میں میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ’آئرن شیک‘ کو شکست دے کر ڈبلیو ڈبلیو ایف چیمپئن شپ جیتی اور ’ہلک مینیا‘ کا آغاز کیا۔ 1985 میں پہلے ریسل مینیا میں وہ مشہور اداکار مسٹر ٹی کے ساتھ مرکزی مقابلے میں نظر آئے۔
ان کا سب سے یادگار مقابلہ 1987 میں ’ریسل مینیا 3‘ میں ’آندرے دی جائنٹ‘ کے خلاف تھا، جسے 93000 سے زائد افراد نے براہ راست اسٹیڈیم میں دیکھا، جو ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے رینڈی ’ماچو مین‘ سیویج، الٹی میٹ وارئیر اور سرجنٹ سلوٹر جیسے عظیم ریسلرز کے ساتھ طویل رقابتیں قائم کیں، جو آج بھی شائقین کو یاد ہیں۔
2002 میں ڈبلیو ڈبلیو ایف کا نام تبدیل ہو کر ڈبلیو ڈبلیو ای ہو گیا مگر ہلک ہوگن نے بارہا رنگ میں واپسی کی۔ ’دی راک‘ اور ’شون مائیکلز‘ جیسے سپر اسٹارز کے خلاف ان کے مقابلے آج بھی یادگار مانے جاتے ہیں۔ 2005 میں انہیں ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم میں شامل کیا گیا، جو ان کے کیریئر کا بڑا اعزاز تھا۔
ریسلنگ سے باہر بھی ہلک ہوگن نے اپنی شناخت بنائی۔ انہوں نے ’سب اربن کمانڈو‘ اور ’مسٹر نینی‘ جیسی فلموں میں کام کیا اور کئی ریئلٹی ٹی وی شوز کا بھی حصہ رہے۔ ان کی شخصیت نہ صرف رنگ میں بلکہ ٹی وی اسکرین پر بھی لوگوں کو متاثر کرتی رہی۔
ہلک ہوگن کی موت نے ریسلنگ دنیا کو سوگوار کر دیا ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ای نے اپنے بیان میں کہا، ’’یہ جان کر گہرا افسوس ہوا کہ ہال آف فیمر ہلک ہوگن انتقال کر گئے۔ وہ پاپ کلچر کی سب سے نمایاں شخصیات میں سے ایک تھے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔