میکسیکو پولس کے ہاتھوں 2 کم عمر لڑکیوں کی عصمت دری، عوامی مظاہرے

میکسیکو میں متعدد پولس افسران کی طرف سے دو مختلف واقعات میں دو نوجوان لڑکیوں کے مبینہ ریپ کے واقعات کے خلاف وسیع تر عوامی احتجاج کیا گیا۔ واقعے میں ملوث 4 پولس اہلکار ابھی تک گرفتار نہیں کیے گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

ڈی. ڈبلیو

ان دونوں واقعات میں دو ٹین ایجر لڑکیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور ان جرائم کے مرتکب مبینہ طور پر دارالحکومت میکسیکو سٹی کے وہ مرد پولس اہلکار ہیں، جنہیں دراصل انہی لڑکیوں اور دیگر شہریوں کا کسی بھی طرح کے جرائم کا نشانہ بننے کے خلاف تحفظ کرنا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

میکیسکو سٹی میں ان جرائم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سینکڑوں کی تعداد میں مظاہرین نے، جن میں خواتین کی اکثریت تھی، متاثرین کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے جو نعرے لگائے، ان میں یہ نعرہ بھی شامل تھا، ''وہ (پولس اہلکار) ہماری حفاظت نہیں کرتے، وہ ہمیں ریپ کرتے ہیں۔‘‘


اس احتجاج کے دوران ان مظاہرین نے میکسیکو سٹی میں سیکورٹی ہیڈکوارٹرز اور مقامی پراسیکیوٹر کے دفتر کے سامنے پیر بارہ اگست کو کئی گھنٹے تک احتجاج کیا۔ اس احتجاج کے دوران مظاہرین شدید غصے میں کافی حد تک قابو سے باہر بھی ہو گئے۔ اس دوران انہوں نے شہر میں سلامتی امور کے نگران وزیر اور متعدد پولس اہلکاروں پر سپرے بھی کر دیا۔ اس کے علاوہ ان مظاہرین نے اسٹیٹ پراسیکیوٹر کے دفتر کے باہر ایک خنزیر کے سر کی علامتی نمائش بھی کی اور پتھراؤ کرتے ہوئے اس دفتر کی عمارت کے شیشے بھی توڑ دیئے۔

اس موقع پر شہر میں سلامتی امور کے نگران وزیر اورٹا نے مظاہرین سے یہ وعدہ بھی کیا کہ دونوں نوجوان لڑکیوں کے مبینہ ریپ کے مرتکب تمام پولس اہلکاروں کے خلاف غیر جانبدارانہ چھان بین کی جائے گی اور اگر وہ قصور وار پائے گئے، تو انہیں سخت سزائیں دی جائیں گی، کیونکہ 'پولس کا کام خواتین اور لڑکیوں سمیت تمام شہریوں کی حفاظت‘ کرنا ہے۔


جرائم کا ارتکاب کیسے کیا گیا؟

ان واقعات میں سے ایک میں ایک 17 سالہ لڑکی کو تین اگست کو چار پولس اہلکاروں نے پولس ہی کی ایک گشتی گاڑی میں ریپ کیا تھا۔

پھر اس جرم کے خلاف عوامی احتجاج اس لیے بھی شدت اختیار کر گیا تھا کہ شہر کی خاتون پراسیکیوٹر نے یہ کہہ دیا تھا کہ ان مبینہ ملزمان کے خلاف اب تک اس لیے کوئی الزامات عائد نہیں کیے جا سکے کیونکہ متاثرہ لڑکی نے ابھی تک ملزمان کی باقاعدہ شناخت نہیں کی۔


دوسرے واقعے میں ایک 16 سالہ لڑکی کو صرف چھ دن بعد ہی نو اگست کو ایک پولس اہلکار نے شہر کے ایک وسطی حصے میں ریپ کر دیا تھا۔ اس پولس اہلکار کو بعد میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

خواتین کے خلاف منظم جرائم

میکسیکو میں خواتین کے خلاف جان لیوا اور جنسی نوعیت کے جرائم کا ریکارڈ بہت ہی خراب ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس ملک میں خواتین کے خلاف مہلک جرائم اتنے زیادہ ہیں کہ وہاں ہر روز اوسطاﹰ نو خواتین قتل کر دی جاتی ہیں۔


میکسیکو کے قومی ادارہ برائے شماریات کے مطابق اس ملک میں 44 فیصد خواتین کو اپنے مرد ساتھیوں کے ہاتھوں تشدد کا سامنا رہتا ہے اور کم از کم 66 فیصد میکسیکن خواتین ایسی ہیں، جو اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار کسی نہ کسی صورت میں تشدد کا نشانہ بن چکی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Aug 2019, 7:10 PM