اوریگن میں جنگل کی خوفناک آگ، سینکڑوں مکانات خالی، شاہراہ کا 32 کلومیٹر حصہ بند
امریکی ریاست اوریگن میں شدید جنگلاتی آگ کے باعث 700 سے زائد گھروں کو خالی کرایا گیا، جبکہ کولمبیا ریور گورج میں انٹر اسٹیٹ 84 کا 32 کلومیٹر طویل حصہ بند کر دیا گیا

امریکہ کے جنگلات میں آگ / فائل تصویر / Getty Images
امریکی ریاست اوریگن کے علاقے کولمبیا ریور گورج میں بدھ کو لگی جنگلاتی آگ نے شدید صورتحال اختیار کر لی ہے، جس کے باعث حکام نے ہنگامی انخلاء کا حکم دیا ہے۔ آگ کی شدت کے باعث ’انٹر اسٹیٹ 84‘ شاہراہ کا 32 کلومیٹر (20 میل) طویل حصہ ’ہوڈ ریور‘ اور ’دی ڈیلز‘ کے درمیان بند کر دیا گیا ہے۔
گورنر ٹینا کوٹیک نے صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے ’ایمرجنسی کنفلیگریشن ایکٹ‘ نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت ریاستی فائر مارشل کو آگ پر قابو پانے کے لیے اضافی وسائل متحرک کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ گورنر کے دفتر کے مطابق، آگ بجھانے کے لیے چھ اسٹرکچرل ٹاسک فورسز کو متحرک کیا گیا ہے، جن میں سے تین بدھ کی رات، جبکہ تین دیگر جمعرات کو تعینات ہوں گی۔
ریاستی فائر مارشل، ماریانا روئیز ٹیمپل نے کہا ہے کہ یہ آگ اوریگن کے باشندوں کے لیے ایک تنبیہ ہے کہ وہ جنگلاتی آگ کے سیزن کے لیے تیاری رکھیں۔
ہوڈ ریور، جو پورٹ لینڈ سے 90 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے اور 8,000 کی آبادی رکھتا ہے اور ’دی ڈیلز‘، جہاں 15,000 سے زائد افراد رہتے ہیں، دونوں مقامات اس آفت سے متاثر ہوئے ہیں۔ واسو کاؤنٹی شیرف کے مطابق، دی ڈیلز کے شمال مغربی علاقے میں 700 سے زائد گھروں کے رہائشیوں کو فوری انخلاء کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ 1,300 سے زائد گھروں کے مکینوں کو تیاری کا انتباہ دیا گیا ہے۔
متاثرہ افراد کے لیے دی ڈیلز کے ایک مڈل اسکول کو عارضی شیلٹر کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ مویشیوں اور گھوڑوں کے لیے مقامی میلے کا میدان مختص کیا گیا ہے۔
اوریگن ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن نے آگ کی تصاویر جاری کی ہیں، جن میں دکھایا گیا ہے کہ آگ شاہراہ کے کنارے اور درمیان میں پھیل چکی ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث دھوئیں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے حد نگاہ بھی متاثر ہو رہی ہے۔
آگ پر قابو پانے کے لیے پانی گرانے والے ہیلی کاپٹر اور فائر ریٹارڈنٹ گرانے والے طیارے بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کے حکام نے کہا ہے کہ انٹر اسٹیٹ 84 کو غیر معینہ مدت تک بند رکھا جائے گا، تاکہ عوام کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔
ریاستی حکام کے مطابق، آگ کے پھیلاؤ کا خطرہ اب بھی موجود ہے اور صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقامی حکام کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔