’ہم ایران کے ساتھ ہیں‘، روس نے ایک بار پھر اپنا رخ کیا صاف، مزید شدت اختیار کر سکتی ہے ایران-اسرائیل جنگ
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ ’’ہم نے اپنی حالت واضح کر دی ہے۔ ہم ایران کے ساتھ ہیں۔‘‘ انھوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ روسی صدر پوتن اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان حال ہی میں بات چیت ہوئی ہے۔

ولادمیر پوتن / تصویر: یو این آئی
ایران-اسرائیل جنگ کو امریکہ نے ہوا دیتے ہوئے گزشتہ روز ایران پر حملہ کر دیا۔ اس حملے نے دنیا کو حیران کر کے رکھ دیا ہے۔ اسرائیل کو امریکہ کی براہ راست مدد ملنے کے بعد ایران یہ امید لگا رہا ہے کہ روس اور چین سے مدد حاصل ہوگی۔ روس نے اس تعلق سے اپنی صورت حال واضح بھی کر دی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ اس وقت دورۂ روس پر ہیں اور حالات کو اپنے حق میں موڑنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
اس درمیان کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے پیر کے روز اپنے بیان میں کہا کہ روس مختلف طریقوں سے ایران کی مدد کرنے کے لیے راضی ہے، لیکن یہ تہران کی گزارش پر منحصر کرے گا۔ پیسکوف نے پریس بریفنگ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’سب کچھ اس بات پر منحصر کرتا ہے کہ ایران کو کیا چاہیے۔ ہم نے اپنی ثالثی کی کوششوں سے متعلق پیشکش کی ہے۔‘‘
پیسکوف کا کہنا ہے کہ روس نے ایران-اسرائیل جنگ پر اپنا رخ پوری طرح واضح کر دیا ہے، اسے تہران کے لیے حمایت کی شکل میں دیکھا جا سکتا ہے۔ حالانکہ اگر تہران نے روس سے فوجی مدد کی گزارش کی اور روسی فوج بھی اس جنگ میں کودی تو یہ جنگ خوفناک شکل اختیار کر سکتی ہے۔ کریملن کے ترجمان کا بیان کچھ اسی طرف اشارہ بھی کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے اپنی حالت واضح کر دی ہے۔ ہم ایران کے ساتھ ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے مطلع کیا کہ روسی صدر ولادمیر پوتی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان حال ہی میں جو بات چیت ہوئی، اس کا موضوع ایران اور اسرائیل کی جنگ رہا۔‘‘
اس درمیان روسی صدر ولادمیر پوتن نے پیر کے روز ماسکو میں بات چیت کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس اراگھچی سے کہا کہ ایران کے خلاف جارحیت بے بنیاد ہے۔ اس سے قبل روس نے امریکہ اور اسرائیل کے ذریعہ ایران پر کیے گئے حملوں کی شدید مذمت کی تھی۔ ظاہر ہے اگر اس جنگ میں روس بھی شامل ہوتا ہے تو ایران کی طاقت بڑھ جائے گی۔ ایران اس وقت اپنے بیلسٹک میزائلوں کے ذریعہ اسرائیل سے مقابلہ کر رہا ہے۔ جنگ میں روس کی شرکت کے بعد اس کی ہوائی طاقت میں اضافہ ہوگا۔ ساتھ ہی روسی ایئر ڈیفنس ملنے کے بعد ایران میں اسرائیلی حملے سے ہو رہی ہلاکتیں کم ہو جائیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔