امریکہ میں تشدد: صدر ٹرمپ کے تیور نرم پڑے، ویڈیو پیغام میں شکست کا اعتراف!

امریکی کانگریس کی طرف سے منتخب صدر بائیڈن کی صدارتی انتخابات میں جیت کی توثیق کے بعد صدر ٹرمپ نے پہلی بار شکست کا اعتراف کیا ہے، تاہم وہ انتخابی عمل اور نتائج کو تسلیم کرنے سے اب بھی انکار کر رہے ہیں

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ / Getty Images
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

واشنگٹن: امریکہ کی کیپٹل ہل عمارت میں ٹرمپ حامیوں کے پُر تشدد مظاہرے کے درمیان صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امن اور صلح کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی توجہ منتخب صدر جو بائیڈن کو اقتدار منتقل کرنے پر مرکوز ہے۔ ٹرمپ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کر کے تشدد کی مذمت کی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی کانگریس نے منتخب صدر جوبائیڈن کی 3 نومبر کو منعقدہ صدارتی انتخابات میں جیت کی توثیق کی ہے جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی مرتبہ اپنی شکست کا اعتراف کیا ہے، تاہم وہ انتخابی عمل اور نتائج کو تسلیم کرنے سے اب بھی انکار کر رہے ہیں۔

انہوں نے ویڈیو پیغام میں مظاہرین کو پرامن انداز میں گھر جانے کو کہا۔ اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی باور کرایا کہ وہ مظاہرین کے مقصد کی حمایت کرتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا، ’’20 جنوری کو ایک نئی انتظامیہ کی شروعات ہوگی۔ میری توجہ اب اقتدار مناسب، منظم اور بلا رکاوٹ تبدیلی کو یقینی بنانے پر ہے۔‘‘ ٹرمپ کی طرف سے یہ پیغام ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جبکہ انہیں عہدے سے برطرف کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔


اپنی 160 سیکنڈ کی ویڈیو میں ٹرمپ نے کہا، ’’بطور صدر کام کرنا میرے لئے زندگی بھر کے لئے اعزاز کی بات ہے۔‘‘ انہوں نے بدھ کے روز ہونے والے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن کی پھر سے بحالی ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ ایوان نمائندگان اور سینٹ میں جمعرات کی صبح جو بائیڈن کی صدارتی انتخاب میں کامیابی کی تصدیق کا عمل چند گھنٹے کے توقف کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا تھا۔ اس سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے ان کی انتخابات میں ناکامی پر پرتشدد احتجاج کے دوران کیپٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا جس کے بعد کانگریس کی کارروائی روک دی گئی تھی۔ امریکی نائب صدر مائیک پینس نے نتائج کی تصدیق کے لیے ہر ریاست سے ووٹ دینے والے ارکان کی تعداد کا اعلان کیا۔

کانگریس نے مشی گن اور ایریزونا ریاستوں کی جانب سے جو بائیڈن کی کامیابی پر اعتراض کو مسترد کر دیا۔ نیز نویڈا ریاست کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراض کو بھی سینٹ سے مطلوبہ حمایت حاصل نہ ہونے کی وجہ سے مسترد کردیا گیا۔ اعتراض واپس لیے جانے کے بعد جارجیا ریاست کے اعتراض کو مسترد کر دیا گیا۔ نائب صدر مائیک پینس نے اجلاس کے دوبارہ آغاز کے موقع پر مظاہرین کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے واشگاف الفاظ میں کہا کہ 'آپ جیت نہیں سکے'۔

دو ہفتے بعد صدر کا منصب سنبھالنے کے لیے تیار منتخب صدر جو بائیڈن نے اس معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکی جمہوریت میں اس طرح کے تشدد کی مثال نہیں ملتی اور ان کے اس بیانیے کی کانگریس میں موجود ریپبلکنز سمیت تمام قانون دانوں نے حمایت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Jan 2021, 10:21 AM