مجھ پر ڈرون حملہ امریکہ اور کولمبیا نے کروایا: صدر وینزویلا

دھماکے کے بعد وینزویلا کے صدر مادورو نے کہا ’’ابتدائی تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ یہ سازش کولمبیا اور امریکہ کی جانب سے رچی گئی ہے‘‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو پر ہفتہ کے روز ڈرون سے حملہ ہوا جس میں وہ محفوظ رہے۔ وینزویلا نے اس حملہ کا ذمہ دار امریکہ اور کولمبیا کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ حالانکہ اس حملے کی ذمہ داری ایک نامعلوم تنظیم ’نیشنل موومنٹ آف سالجرس ان ٹی شرٹ‘ نے لی ہے۔

دھماکے کے بعد وینزویلا کے صدر مادورو نے کہا ’’ابتدائی تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ یہ سازش کولمبیا اور امریکہ کی جانب سے رچی گئی ہے جہاں کئی ایسے لوگ رہتے ہیں جو وینزویلا سے نکال دئے گئے تھے۔ اس معاملے میں کچھ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا دھماکہ خیز مادہ سے لیس ڈرون میری طرف آ رہا تھا لیکن آپ لوگوں کی محبت نے ایک ڈھال کی طرح کام کیا اور مجھے یقین ہے کہ میں ابھی اور زیادہ وقت تک آپ کے درمیان رہوں گا۔

وزیرِ اطلاعات جارج روڈریگز نے بتایا کہ کراکس میں ایک فوجی پروگرام کے دوران دھماکہ خیز مادہ سے لیس ایک ڈرون پھٹ گیا۔ جائے حادثہ پر موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے دو دھماکوں کی آوازیں سنی تھیں۔ اس دوران سات سیکورٹی اہلکار بھی زخمی ہو گئے ہیں۔

اس دوران اس حملے کی ذمہ داری ایک نامعلوم تنظیم ’نیشنل موومنٹ آف سالجرس ان ٹی شرٹ‘ نے لی ہے۔ تنظیم نے ٹویٹ کرکے کہا کہ اس نے دو ڈرون طیاروں کو اس کام کے لئے لگایا تھا لیکن سکیورٹی کی نظروں سے وہ بچ نہیں سکے ۔

تنظیم نے کہا ہے ’’ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ ان پر حملہ کیا جا سکتا ہے، حتیٰ کہ ہمیں اس مرتبہ کامیابی نہیں ملی ہے لیکن یہ وقت کا کھیل ہے اور آگے بھی اس طرح کی کوشش کی جائے گی۔‘‘

مادورو کے اس بیان کہ اس حملے میں کولمبیا کے صدر جوآن مینوئل سانتوس کا ہاتھ ہے، پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انہی کی حکومت کے ایک ذرائع نے کہا کہ یہ الزام بے بنیاد ہے کیونکہ وہ ہفتہ كو اپنی پوتی کے ساتھ ایک چرچ میں مصروف تھے اور کم سے کم وہ ایسا تو نہیں کر سکتے ہیں کہ پڑوسیوں کی حکومت کو گرا دیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔