لندن میں مہاتما گاندھی کے مجسمے میں توڑ پھوڑ، ہندوستانی ہائی کمیشن کا تحقیقات اور کارروائی کا مطالبہ
لندن کے ٹیویسٹاک اسکوائر میں مہاتما گاندھی کے مجسمے میں ساتھ توڑ پھوڑ پر ہندوستانی ہائی کمیشن نے شدید مذمت کی اور تحقیقات و فوری کارروائی کی درخواست کی

نئی دہلی: لندن کے ٹیویسٹاک اسکوائر میں مہاتما گاندھی کے مجسمے میں توڑ پھوڑ کے واقعے پر ہندوستانی ہائی کمیشن نے شدید غصے اور تشویش کا اظہار کیا ہے اور مقامی حکام سے تحقیقات اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ واقعہ 2 اکتوبر، عالمی یومِ عدم تشدد سے چند روز قبل پیش آیا۔ ہندوستانی ہائی کمیشن نے اسے ایک ’شرمناک عمل‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف توڑ پھوڑ نہیں، بلکہ عالمی یومِ عدم تشدد سے پہلے مہاتما گاندھی کی تعلیمات اور عدم تشدد کی میراث پر ایک سنگین حملہ ہے۔
ہندوستانی ہائی کمیشن نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا، ’’ہمارا ہائی کمیشن اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے اور اس کی سخت مذمت کرتا ہے۔ ہم نے مقامی حکام کو مطلع کیا ہے اور فوری اقدامات کے لیے تعاون کر رہے ہیں۔ ہماری ٹیم پہلے سے ہی موقع پر موجود ہے اور مجسمے کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔‘‘
یہ مجسمہ 1968 میں انڈیا لیگ کی مدد سے کانسی میں تیار کیا گیا تھا اور اس سے گاندھی کے لندن کے کالج کے دنوں کی یاد تازہ ہوتی ہے۔ ہر سال 2 اکتوبر کو گاندھی جینتی کے موقع پر یہاں پھول چڑھائے جاتے ہیں اور مہاتما گاندھی کی پسند کے گانے اور بھجن گائے جاتے ہیں لیکن اس توڑ پھوڑ سے نہ صرف ثقافتی روایت کو نقصان پہنچا ہے بلکہ عالمی سطح پر عدم تشدد کے پیغام کو بھی متاثر کیا گیا ہے۔
لندن ہائی کمیشن نے واضح کیا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے مقامی پولیس اور حکام کے ساتھ بھرپور تعاون جاری ہے تاکہ مجسمے کو جلد از جلد اس کی اصل حالت میں بحال کیا جا سکے۔ واقعہ کے بعد، مقامی حکام نے علاقے کی نگرانی بڑھا دی ہے اور سکیورٹی کے اقدامات سخت کر دیے ہیں۔
یہ واقعہ عالمی سطح پر مہاتما گاندھی کی امن اور عدم تشدد کی تعلیمات کے احترام کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے اور ہندوستانی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ وہ ایسے اقدامات کو روکنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔