دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے ساتھ کھڑا ہے امریکہ: اسپیکر مائیک جانسن
امریکی اسپیکر مائیک جانسن نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں ہندوستان کو ہرممکن مدد دینے کا اعلان کیا۔ کہا کہ ہندوستان کو ہر حال میں دہشت گردی کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہونا ہوگا

ویڈیو گریب
جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان کو دہشت گردی کے خلاف دنیا بھر کی حمایت مل رہی ہے۔ اب امریکہ نے بھی ہندوستان کا ساتھ دینے کی بات کہی ہے۔امریکی پارلیمنٹ کے اسپیکر مائیک جانسن نے کہا ہے کہ ہندوستان کو ہر حال میں دہشت گردی کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا، ہم ہندوستان کا ساتھ دینے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ ٹرمپ انتظامیہ دہشت گردی سے نپٹنے کے لیے ہندوستان کو ہر وسائل مہیا کرائے گی۔
جانسن نے کہا کہ امریکہ ہر وہ کوشش کرے گا جو وہ کر سکتا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ رشتے ایسے ہی مضبوط ہوتے ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ واضح طور سے اس کی اہمیت کو سمجھتا ہے اور دہشت گردی کے خطرے کو بھی سمجھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیکھو، ہندوستان میں جو کچھ ہوا ہے، اس کے تئیں ہماری پوری ہمدردی ان کے ساتھ ہے۔ ہم اپنے معاونین کے ساتھ کھڑے ہونا چاہتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ہندوستان کئی معنوں میں ہمارا اہم ساجھیدار ملک ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان جلد ہی کاروبار کو لے کر بات چیت کامیاب ہوگی۔ اگر خطرہ بڑھتا ہے تو آپ دیکھیں گے کہ ٹرمپ انتظامیہ وسائل کے ساتھ ہر ممکن مدد کرے گی۔
مائیک جانسن نے کیپٹل ہال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان کاروباری معاہدہ پر بھی بات کی اور امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان جلد ہی بات چیت کامیاب ہوگی۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 26 بے قصور لوگوں کی جان چلی گئی تھی جبکہ 17 افراد زخمی ہوئے تھے۔ یہ حملہ پہلگام کی بیسرن گھاٹی میں کیا گیا تھا جس میں دہشت گردوں نے زیادہ تر سیاحوں کو نشانہ بنایا تھا۔
پہلگام حملے کے بعد وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہوئی سکوریٹی امور کی کابینہ کمیٹی (سی سی ایس) کی میٹنگ میں سندھو آبی معاہدہ کو فوری اثر سے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ یہ پہلی بار ہے جب ہندوستان کے ذریعہ اتنی بڑی اور سخت کارروائی کی گئی۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تین بڑی جنگیں ہو چکی ہیں لیکن پہلے کبھی بھی اس معاہدہ کو منسوخ نہیں کیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔