امریکہ کا ایران کو انتباہ، معاہدے کی شرائط سے انحراف پر دوبارہ فوجی کارروائی کی دھمکی
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے ایران کو خبردار کیا کہ اگر اس نے امن معاہدے کی شرائط پر عمل نہ کیا تو امریکہ دوبارہ فوجی کارروائی اور سخت ناکہ بندی نافذ کرنے سے گریز نہیں کرے گا

واشنگٹن: امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کی خبروں کے درمیان امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے ایران کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران نے معاہدے کے تحت طے شدہ شرائط کی خلاف ورزی کی تو امریکہ دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے اور سخت ناکہ بندی نافذ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
نیٹو کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے بعد جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ امریکی صدر پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اگر مقررہ مدت کے اندر ایران اپنے وعدوں کو پورا نہیں کرتا تو امریکہ ضروری اقدامات کے لیے تیار رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران قواعد کی پابندی نہیں کرتا تو ایک مرتبہ پھر مکمل اور مؤثر ناکہ بندی نافذ کی جا سکتی ہے۔
امریکی محکمہ جنگ کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو کلپ میں بھی پیٹ ہیگستھ نے یہی مؤقف دہرایا اور کہا کہ امریکہ کے پاس دوبارہ عسکری کارروائی شروع کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کی شرائط پر عمل درآمد امریکہ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کے نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
پیٹ ہیگستھ نے ایران کے ساتھ کشیدگی کے دوران بعض نیٹو رکن ممالک کے رویے پر بھی سخت ناراضی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کئی دہائیوں سے یورپ کے دفاع میں اہم کردار ادا کرتا آیا ہے، لیکن حالیہ بحران کے دوران بعض اتحادی ممالک نے تعاون کے بجائے قانونی پیچیدگیوں کا سہارا لیا یا عوامی سطح پر امریکہ پر تنقید کی۔
ان کے مطابق امریکی صدر نے پہلے ہی یہ واضح کیا تھا کہ امریکی لڑاکا طیارے یورپ میں موجود اڈوں سے پرواز کر کے یا امریکی بحری جہازوں سے روانہ ہو کر مشرق وسطیٰ میں ان ایرانی اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں، جو یورپی مفادات کے لیے بھی خطرہ تصور کیے جاتے ہیں۔
امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ بعض اتحادی ممالک نہ تو اس حکمت عملی پر متفق ہوئے اور نہ ہی ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تیار دکھائی دیے، جس کی وجہ سے امریکی فوجیوں کی سلامتی کو غیر ضروری خطرات لاحق ہوئے۔ انہوں نے ایسے رویے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اہم فضائی راستوں اور رسائی کی فراہمی میں رکاوٹیں پیدا کرنا اتحادی تعاون کے اصولوں کے منافی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
