’امریکہ ہندوستان کے ساتھ مل کر افغانستان میں مشترکہ مفادات پر کام کرے گا‘
افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندے تھامس ویسٹ نے کہا ہے کہ امریکہ ’مستحکم اور پرامن افغانستان میں مشترکہ مفادات‘ کے لئے اپنے قریبی دوست ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا

واشنگٹن/نئی دہلی: افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندے تھامس ویسٹ نے کہا ہے کہ امریکہ ’مستحکم اور پرامن افغانستان میں مشترکہ مفادات‘ کے لئے اپنے قریبی دوست ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
مسٹر ویسٹ نے نئی دہلی میں ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال اور خارجہ سکریٹری ہرش وردھن شرنگلا سے ملاقات کے بعد ٹویٹ کیا’’ ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال، خارجہ سکریٹری ہرش وردھن شرنگلا جوائنٹ سکریٹری جے پی سنگھ اور دیگر کے ساتھ آج نئی دہلی میں میٹنگ کرکے خوشی ہوئی‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہم ایک مستحکم اور پرامن افغانستان میں اپنے مشترکہ مفادات کو حل کرنے کے لیے اپنے قریبی دوست کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔"
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دونوں فریقین نے افغانستان کی موجودہ صورتحال، 10 نومبر کو نئی دہلی میں ہونے والے این ایس اے کے علاقائی سلامتی کے مذاکرات، افغانستان کے اندر اور باہر لوگوں کی نقل و حرکت، افغانستان کو انسانی امداد کی فراہمی کے حوالے سے عالمی کوششوں کو مربوط کرنے، علاقائی سلامتی کے مسائل اور باہمی دلچسپی کے دیگر دو طرفہ اور بین الاقوامی مسائل پر توجہ مرکوز کی گئی۔
دریں اثنا، وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ٹویٹ کیا’’خارجہ سکریٹری ہرش وردھن شرنگلا نے افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے تھامس ویسٹ سے ملاقات کی اور افغانستان میں حالیہ پیش رفت اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا‘‘۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔