امریکہ میں شٹ ڈاؤن کا اعلان، ملازمین کی تنخواہیں، دفاتر اور کاروبار سب بند

امریکی حکومت نے یکم اکتوبر سے شٹ ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے، جس کے سبب لاکھوں ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر ہوگی، قومی پارکس بند کر دئے گئے ہیں اور معیشت کو ہر ہفتے ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوگا

<div class="paragraphs"><p>امریکہ میں شٹ ڈاؤن / اے آئی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

امریکہ میں یکم اکتوبر 2025 سے وفاقی حکومت کا شٹ ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔ تقریباً 7 سال بعد یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے جب فیڈرل فنڈنگ بڑھانے کا بل سینیٹ سے منظور نہ کر سکا۔ منگل کو سینیٹ میں نصف شب تک بل پاس کرنے کی آخری مہلت تھی، مگر 60 ووٹوں کی ضرورت کے باوجود نتائج صرف 55 ووٹ ہی حاصل ہو سکے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس پر حکومت بند کرانے کا الزام لگاتے ہوئے خبردار کیا کہ وہ فیڈرل ملازمین کو برطرف کرنے کی کارروائی آگے بڑھا سکتے ہیں۔

شٹ ڈاؤن کے نتیجہ میں امریکی سرکاری ایجنسیاں قانون نافذ کرنے جیسی ضروری سرگرمیوں کو چھوڑ کر باقی تمام کام روک دئے گئے۔ شٹ ڈاؤن کا مطلب ہی یہی ہے کہ حکومت کے بغیر بجٹ کے چلنے والے شعبے معطل ہو جاتے ہیں۔ ہر سال امریکہ کی حکومت اگلے مالی سال کے لیے بجٹ پاس کرتی ہے۔ اگر کانگریس وقت پر اتفاق نہ کرے تو کئی محکموں کو فنڈز نہ ملتے۔

معاشرے پر شٹ ڈاؤن کے وسیع اثرات پڑتے ہیں۔ فیڈرل سروسز میں تاخیر، ملازمین اور چھوٹے کاروباروں میں عدم استحکام پیدا ہوتا ہے۔ جب بجٹ نہ ہو تو کئی سرکاری محکمے اور سروسز بند کر دی جاتی ہیں۔ ضروری سروسز جیسے پولیس، ایمرجنسی ہسپتال اور ایئر ٹریفک کنٹرول چلتے رہتے ہیں۔ مگر باقی سروسز جیسے نیشنل پارکس، کچھ دفاتر، امیگریشن کیسز وغیرہ بند یا سست ہو جاتی ہیں۔ بجٹ کی کمی سے لاکھوں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں رک جاتی ہیں، جو بعد میں ملتی ہیں۔ بجٹ نہ ہونے پر ملازمین کو ادائیگی کے بغیر چھٹی بھی دی جاتی ہے۔ پاسپورٹ اور ویزا جاری کرنے میں تاخیر ہو سکتی ہے۔

سوشل سکیورٹی یا میڈی کیئر سروسز میں رکاوٹیں آئیں گی۔ سرکاری ویب سائٹس اور ہیلپ لائنز بند یا سست ہو جائیں گی۔ نیشنل پارکس کے علاوہ میوزیمز اور سرکاری پروگرامز معطل ہو سکتے ہیں۔ سرکاری محکموں کے بند ہونے سے چھوٹے کاروباروں کو مالی امداد میں تاخیر یا رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سرکاری معاہدوں پر کام کرنے والے کنٹریکٹرز کو ادائیگی میں تاخیر ہوتی ہے۔ کانگریس بجٹ آفس کے ڈائریکٹر کے شٹ ڈاؤن سے پہلے جاری کردہ ایک خط کے مطابق، ہر روز تقریباً 7 لاکھ 50 ہزار فیڈرل ملازمین کو چھٹی پر بھیجا جا سکتا ہے، جس سے روزانہ 400 ملین ڈالر کا خرچہ برداشت کرنا پڑے گا۔


بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، یہ شٹ ڈاؤن امریکی معیشت پر منفی اثر ڈالے گا۔ ٹرمپ انتظامیہ میں تین بار شٹ ڈاؤن ہو چکا ہے۔ امریکہ کا پہلا شٹ ڈاؤن 1995 میں ہوا تھا۔ اس کے بعد 6 بار مزید پیش آئے، جن میں سے تین ٹرمپ دور میں تھے۔ سابق صدر بل کلنٹن کی حکومت میں 1995-96 میں سب سے لمبا 35 دن کا شٹ ڈاؤن ہوا تھا۔ اس سے پہلے نومبر 1995 میں 5 دن کا شٹ ڈاؤن ہوا تھا۔

امریکی سرکاری دفاتر کے مطابق، 2018-19 میں 34 دن تک شٹ ڈاؤن چلا، جس میں 3 لاکھ 40 ہزار ملازمین کو چھٹی پر بھیجا گیا۔ یہ جزوی شٹ ڈاؤن تھا کیونکہ کانگریس نے کچھ اخراجات کے بل پاس کر دیے تھے، جس سے لاکھوں ملازمین کام اور تنخواہ جاری رکھ سکے۔ وال سٹریٹ جرنل کے مطابق، اس شٹ ڈاؤن میں 8 لاکھ سے زائد ملازمین چھٹی پر چلے گئے تھے۔ سرکاری محکموں اور فوجی سروسز میں کام کرنے والوں کی تنخواہیں تاخیر کا شکار ہوئی تھیں۔

2013 کے شٹ ڈاؤن میں لاک ہیڈ مارٹن جیسی سکیورٹی کنٹریکٹر کمپنی نے 3 ہزار ملازمین کو چھٹی دی، جو سرکاری اداروں میں کام کرتے تھے یا سرکاری انسپیکٹرز پر منحصر تھے۔ 2013 میں شٹ ڈاؤن کے دوران سرکاری زمین پر ڈرلنگ کے پرمٹس، بیئر، وائن اور اسپرٹ کے برآمداتی سرٹیفکیٹس جاری کرنا اور چھوٹے کاروباروں، گھر مالکان اور ڈویلپرز کو قرضے دینا بند ہو گیا تھا۔ ادائیگی نہ ملنے سے سرکاری کنٹریکٹرز نے ملازمین برطرف کیے اور کام کم کیا۔

اکنامک ایڈوائزر کونسل کے تخمینے کے مطابق، 2013 میں پرائیویٹ سیکٹر میں 1 لاکھ 20 ہزار نوکریاں متاثر ہوئیں۔ گرانٹس میں تاخیر اور فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی انسپیکشنز میں رکاوٹ سے لائف سائنسز انڈسٹری پر اثر پڑا۔ اس شٹ ڈاؤن سے ایئرپورٹس پر تاخیر اور نیشنل پارکس کے بند ہونے کی وجہ سے ٹریول پلانز رک گئے تھے۔ امریکی ٹریول ایسوسی ایشن نے کانگریس کو خط لکھ کر خبردار کیا تھا کہ ٹریول بند ہونے سے ہر ہفتے 1 ارب ڈالر کا نقصان ہوگا۔


2019 میں ایسا ہونے پر سکیورٹی چیکس بند ہو گئے اور فلائٹس میں تاخیر ہوئی۔ اس بار بھی ہوائی سفر متاثر ہو سکتا ہے۔ اس شٹ ڈاؤن کے اثرات وسیع ہیں۔ فیڈرل ایجنسیز کو لے آؤٹس کی تیاری کا حکم دیا گیا ہے۔ ہاؤسنگ لونز، ٹیکس ریفنڈز میں تاخیر، اور فوڈ سٹیمپس جیسی سروسز عارضی طور پر چل سکتی ہیں مگر طویل شٹ ڈاؤن سے مسائل بڑھیں گے۔ کانگریس کو جلد اتفاق رائے کرنا ہو گا ورنہ معیشت کو مزید نقصان ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔