امریکہ: یوم آزادی کی پریڈ میں اندھادھند فائرنگ، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی

امریکی ریاست الینوائے کے شہر شکاگو کے نواحی علاقے ہائی لینڈ پارک میں 4 جولائی کو پریڈ کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

شکاگو: امریکی ریاست الینوئے کے شہر شکاگو کے نواحی علاقے ہائی لینڈ پارک میں 4 جولائی کو پریڈ کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 15 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا ہے۔ واقعہ پیش آنے کے بعد پریڈ کو روک کر شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے شہریوں کو فائرنگ کے مقام سے دور رہنے کی ہدایت کی۔ شکاگو میں یومِ آزادی پریڈ شروع ہونے کے تقریباً 10 منٹ بعد فائرنگ کی گئی۔ مقامی رپورٹ کے مطابق ایک بندوق بردار شخص دکان کی چھت سے پریڈ میں شامل لوگوں پر گولی باری کرنے لگا۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔


وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہائی لینڈ پارک کی سڑکوں پر گولیوں کی گھن گرج کے دوران دہشت زدہ لوگ ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں۔ لیک کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ گولی باری یومِ آزادی کی پریڈ کے راستہ کے علاقہ میں ہوئی۔

گن وائلنس آرکائیو ویب سائٹ کے مطابق ریاستہائے متحدہ میں فائرنگ سے ہر سال تقریباً 40000 اموات ہوتی ہیں، جن میں خودکشی بھی شامل ہے۔ مئی میں دو قتل عام ہوئے، جن میں نیویارک میں 10 سیاہ فام سپر مارکیٹ کے خریداروں کو گولی مار دی گئی اور ٹیکساس کے ایک ایلیمنٹری اسکول میں 21 افرادمارے گئے، جن میں زیادہ تر چھوٹے بچے تھے۔ تب سے گن کلچر پر سوالات اٹھ رہے ہیں اور یہ ملک میں بحث کا موضوع بن گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔