امریکہ: ریاست کولوراڈو میں فائرنگ، پولیس افسر سمیت 10 افراد ہلاک

فائرنگ کا یہ واقعہ ایک سپر مارکیٹ میں پیش آیا۔ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @ANI
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @ANI
user

قومی آوازبیورو

واشنگٹن: امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر بولڈر میں نامعلوم شخص کے ذریعے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ ایک سپر مارکیٹ میں پیش آیا۔ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کنگ سپرمارکیٹ میں ہوئی جس میں اے آر پندرہ رائفل استعمال کی گئی۔ پولیس نے ایک شخص کو سپر مارکیٹ سے باہر نکالا جس کے ہاتھوں میں ہتھ کڑی لگی تھی اور وہ خون سے آلودہ تھا۔ بولڈر پولیس کمانڈر نے کہا کہ مشتبہ شخص کا علاج چل رہا ہے اور وہ فی الحال خطرہ سے باہر ہے۔


بولڈر کاؤنٹی کے اٹارنی مائیکل ڈوگرٹی نے کہا کہ واقعہ کی جانچ کی جا رہی ہے اور تاحال متاثرین کے کنبوں کو مطلع نہیں کیا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہلاک شدگان کے نام جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ بولڈر کے لئے ایک برے خواب کی مانند ہے۔

بولڈر پولیس کے کمانڈر کیری یاماگوچی نے کہا کہ پولیس جانچ کر رہی ہے اور بولڈر کے کنگ شاپرز اسٹور میں فائرنگ کا مقصد فی الحال معلوم نہیں کیا جا سکا ہے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ سپر مارکیٹ میں فائرنگ کی آواز سن کر وہ بے تحاشہ بھاگنے لگا۔ اس دوران تین لوگ سپر مارکٹ کے اندر، دو پارکنگ اور ایک دروازے کے پاس گر پڑے۔


اس پورے واقعہ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں کئی لوگ زمین پر گرے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ فائرنگ کے بعد سپر مارکیٹ میں بڑی تعداد میں پولیس افسران تعینات ہیں۔ فائرنگ کے وقت سپر مارکیٹ کی چھت پر پولیس کے تین ہیلی کاپٹر اتار دئے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Mar 2021, 9:14 AM