غزہ میں اقوام متحدہ کے نہتھے اہلکاروں کو گولیوں سے بھون ڈالا گیا، اسرائیلی فوج کی درندگی کا ویڈیو منظر عام پر

واقعہ کا ویڈیو ایک مردہ پیرامیڈک کے فون میں ملا ہے۔ فلسطینی ریڈ کریسنٹ، اقوام متحدہ اور کئی دیگر بین الاقوامی تنظیموں نے اس معاملے میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

غزہ کے رفح علاقہ میں 23 مارچ کو ہوا ایک دل دہلا دینے والا واقعہ اب عالمی بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ اس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں 15 میڈیکل و ہنگامی خدمات میں لگے اہلکار کی موت ہو گئی تھی۔ ظلم یہیں تک نہیں تھا بلکہ بعد میں ان کی مسخ شدہ لاشیں ریت میں دفن ملیں۔ لاشوں کی اس حالت پر اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر کے ملکوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔

شروع میں آئی ڈی ایف نے اس واقعہ کو دہشت گردوں پر جوابی کارروائی کہا تھا، لیکن اب فوج نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا ہے۔ اس نے تسلیم کیا ہے کہ اس کی فوج نے نہتھے لوگوں کو گولیوں سے بھون ڈالا۔ اس حملے میں مارے گئے فلسطینی ریڈ کریسنٹ، اقوام متحدہ اور غزہ سول ڈیفنس سے جڑے تھے۔ اس المناک واقعہ کا ویڈیو بھی اب سامنے آ گیا ہے۔


واقعہ کا ویڈیو ایک مردہ پیرامیڈک کے فون میں ملا ہے۔ یہ ویڈیو اسرائیلی فوج کے شروعاتی دعوؤں کو خارج کرتا ہے اور دکھاتا ہے کہ گاڑی ہیڈ لائٹ اور پہچان نشانات کے ساتھ واضح طور سے نشانزد تھے۔ اسرائیلی فوج نے بعد میں بیان بدل دیا اور یہ بھی قبول کر لیا کہ مارے گئے سبھی اہلکار نہتھے تھے، حالانکہ کچھ کے حماس سے جڑے ہونے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے، لیکن اسرائیل کے پاس اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔

ویڈیو رفعت ردوان نامی ایک پیرامیڈک نے ریکارڈ کیا تھا، جو بعد میں اس حملے میں مارا گیا۔ ویڈیو میں ردوان اپنی آخری دعا کرتے سنے جا سکتے ہیں۔ اس کے بعد گولی باری شروع ہو جاتی ہے اور پھر اسرائیلی فوجیوں کی آوازیں آتی ہیں۔ یہ ویڈیو ایک ہفتہ بعد جائے وقوع پر ملے ان کے موبائل فون سے ملا۔


آئی ڈی ایف کے مطابق حملے کے بعد لاشوں کو جانوروں سے بچانے کے لیے ریت میں دفنا دیا گیا اور گاڑیاں ہٹائی گئیں تاکہ سڑک صاف ہو سکے۔ لاشوں کو بین الاقوامی ایجنسیوں کے ذریعہ ایک ہفتہ بعد مسخ شدہ حالت میں تلاش کر لیا گیا، جب علاقے میں محفوظ داخلہ ممکن ہو سکا۔

فلسطینی ریڈ کریسنٹ، اقوام متحدہ اور کئی دیگر بین الاقوامی تنظیموں نے اس واقعہ کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ وہیں آئی ڈی ایف نے کہا ہے کہ وہ واقعہ کی مجموعی طور پر جانچ کرے گا تاکہ سبھی حقائق کو سمجھا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔