یوکرین کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ، صدر زیلنسکی نے فضائیہ کے سربراہ کو کیا برطرف

یوکرین کے ایف-16 طیارے کے تباہ ہونے کے بعد صدر زیلنسکی نے فضائیہ کے سربراہ کو برطرف کر دیا ہے، لیفٹیننٹ جنرل اناٹولی کریونوزخو کو عارضی طور پر فضائیہ کے سربراہ کی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے کہا گیا ہے

ولودیمیر زیلنسکی، تصویر آئی اے این ایس
ولودیمیر زیلنسکی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کیف: یوکرین کے صدر زیلنسکی نے فضائیہ کے سربراہ مائیکولا اولیشچک کو برطرف کر دیا ہے۔ یوکرین کے جنرل اسٹاف نے لیفٹیننٹ جنرل اناٹولی کریونوزخو کو عارضی طور پر فضائیہ کے سربراہ کی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے کہا ہے۔ غیرملکی رپورٹ کے مطابق یہ کارروائی یوکرین میں ایف سولہ طیارے کے تباہ ہونے کے اگلے ہی روز کی گئی ہے۔ یوکرینی ایوان صدر نے اس بارے میں بیان جاری کیا ہے۔

خیال رہے کہ یوکرین کو حال ہی میں ایف سولہ طیارے حاصل ہوئے تھے، تاہم ان کی تعداد کوئی زیادہ نہیں ہے، ان ایف سولہ کے روس کے خلاف استعمال کی پہلی بار اطلاع اسی ہفتے کے دوران سامنے آئی تھی۔ یوکرین نے روسی ڈرونز اور میزائلوں کو فضا میں روکنے کے لیے انہیں استعمال کیا تھا۔

یوکرین کی طرف سے اس کا بڑے فخر اور خوشی کے ساتھ اظہار کیا گیا تھا۔ لیکن اگلے ہی روز جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز روسی حملے کو روکتے ہوئے ایک ایف سولہ طیارہ تباہ ہو گیا اور اس کا پائلٹ ہلاک ہو گیا۔


بیان میں یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے، ’’میں نے فیصلہ کیا ہے کہ فضائیہ کے کمانڈر کو بدل دوں، تاہم میں اپنی فوج کے تمام پائلٹوں کا بہت ممنون ہوں۔‘‘ ولادیمیر زیلنسکی نے اس امر کا اعلان باضابطہ ٹی وی خطاب میں کیا ہے۔ تاہم فضائیہ سربراہ کی تبدیلی کے اس بڑے فیصلے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی ہے۔

یوکرین کے جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اناٹولی کریونوہا کو عارضی طور پر فضائیہ کے سربراہ کی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

دوسری جانب یوکرینی فوج نے پیر کے روز ایف سولہ طیارے کی تباہی کی بھی کوئی وجہ بیان نہیں کی تھی۔ البتہ یہ کہا گیا ہے کہ امریکی مدد سے اس واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی۔

امریکی دفاعی ذمہ دار نے اس بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’یہ تباہی روسی فائرنگ کی وجہ سے نہیں لگتی ہے۔ امکانی طور پر وجہ پائلٹ کی غلطی یا کوئی مشینی خرابی بنی ہے۔‘‘

خیال رہے کہ روس کی طرف سے یوکرین پر 2.5 سال پہلے کیے گئے حملے کے حوالے سے یوکرین کو امریکی ساختہ ایف سولہ طیاروں کی ترسیل ایک بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔