اہل خانہ سے پریشان مزید دو لڑکیاں سعودی عرب سے فرار، جارجیا حکومت سے  مانگی مدد

سعودی عرب کی دو جواں سال خواتین فرار ہو کر جارجیا پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے اس ملک کی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ اُن کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

ڈی. ڈبلیو

سعودی عرب کی دو نوجوان خواتین نے سابقہ سوویت یونین کی جمہوریہ جارجیا پہنچ کر وہاں کی حکومت سے مدد کی ایک اپیل جاری کر دی ہے۔ ان خواتین نے سوشل میڈیا پر خود کو ’جارجیا سسٹرز‘ قرار دیا ہے۔ ان میں سے ایک کی عمر اٹھائیس برس اور دوسری کی پچیس برس ہے۔ ان دونوں خواتین نے سوشل میڈیا پر اپنے پاسپورٹ کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔

اٹھائیس برس کی نوجوان سعودی خاتون کا نام ماھا السبیعی ہے جبکہ اُن کی چھوٹی بہن کا نام وفا السبیعی ہے۔ جارجیا پہنچ کر انہوں نے اپنی ایک ویڈیو میں تبلیسی حکومت سے درخواست کی ہے کہ ان کے حقوق اور زندگیوں کا تحفظ کیا جائے کیونکہ اگر وہ واپس سعودی عرب گئیں تو انہیں مبینہ طور پر ہلاک کر دیا جائے گا۔ وفا کا کہنا ہے کہ انہیں خاندانی جبر کی وجہ سے یہ قدم اٹھانا پڑا ہے۔ اِن لڑکیوں نے خاندانی جبر کی تفصیل نہیں بتائی ہے۔

اسی ویڈیو میں ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اُن کے بھائی اور والد اُن کی تلاش میں جارجیا پہنچ چکے ہیں۔ ابھی تک جارجیا حکومت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ ان دونوں کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ سعودی حکومت نے اُن کے خاندان کی درخواست پر اُن کے پاسپورٹس کو معطل کر دیا ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ جارجیا میں سعودی پاسپورٹ کے حامل افراد بغیر ویزے کے داخل ہو سکتے ہیں اور حالیہ برسوں میں کئی خواتین نے اپنے ملک سے راہِ فرار اختیار کرتے ہوئے جارجیا ہی کو اپنے عبوری قیام کے لیے منتخب کیا۔ خاندان سے بغاوت کر کے راہِ فرار اختیار کرنے والی سعودی خواتین کا کہنا ہے کہ انہیں استحصالی زندگی کا سامنا تھا۔

اس سے قبل رواں برس جنوری میں بھی ایک اٹھارہ سالہ سعودی لڑکی رہف محمد القنون نے تھائی لینڈ میں پہنچ کر عالمی توجہ حاصل کی تھی۔ یہ ٹین ایجر کینیڈین حکومت کی جانب سے سیاسی پناہ دینے کے بعد اب کینیڈا پہنچ چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔