ترک صدر طیب ایردوآن اور ان کی اہلیہ کورونا کی شکار، علامات شدید نہیں

ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور ان کی اہلیہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں، انھوں نے ہفتے کے روز خود اطلاع دی ہے کہ ان کا کووِڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے مگرانھیں اس کی شدید علامات کا سامنا نہیں

ترک صدر رجب طیب ایردوآن / تصویر یو این آئی
ترک صدر رجب طیب ایردوآن / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

انقرہ: ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور ان کی اہلیہ کروناوائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔انھوں نے ہفتے کے روز خود اطلاع دی ہے کہ ان کا کووِڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے مگرانھیں اس کی شدید علامات کا سامنا نہیں۔

صدر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’’معمولی علامات ظاہر ہونے کے بعد،میں اورمیری اہلیہ نے کووِڈ-19 کا ٹیسٹ کرایا ہے اور اس کا مثبت نتیجہ آیا ہے۔شکر ہے کہ ہمیں ہلکا سا انفیکشن ہے اور ہمیں بتایا گیا ہے کہ یہ اومیکرون متغیّرکا شاخسانہ ہے۔ہم ڈیوٹی پر ہیں۔ ہم گھر سے کام جاری رکھیں گے۔ہم آپ سب کی دعاؤں کے منتظر ہیں‘‘۔

67 سالہ صدر ایردوآن نے یہ پیغام استنبول سے سرنگ کھولنے کی تقریب میں ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کے بعد بھیجا تھا۔انھوں نے خراب موسم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس وجہ سے ذاتی طور پرسرنگ کے افتتاح کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ ٹیلی ویژن پرنموداری کے وقت ان میں بیماری کے کوئی آثاردکھائی نہیں دیے۔

واضح رہے کہ ترکی میں حالیہ دنوں میں کووڈ-19 کے یومیہ کیسوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔جمعہ کو وزارت صحت نے 111,157 کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی تھی۔ دسمبر کے آخرمیں یومیہ کیسوں کی تعداد قریباً 20,000 تھی لیکن کرونا وائرس کی انتہائی متعدی قسم اومیکرون پھیلنے کے بعد ترکی میں یومیہ کیس بڑھ گئے ہیں۔

ترکی میں کووِڈ-19 کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔حکام نے جمعہ کو248 اموات کی تصدیق کی تھی اور یہ ایک دن میں اکتوبر کے بعد کروناوائرس سے ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔