پیر کے روز پھوٹے گا ٹرمپ کا ’ٹیرف بم‘! امریکی صدر نے 12 ممالک کے نام لکھ دیا ہے خط
ٹرمپ نے پہلے ہی اشارہ دیا تھا کہ کچھ خطوط جمعہ کو بھیجے جائیں گے، لیکن امریکہ میں قومی تعطیل کے سبب اسے ملتوی کر دیا گیا، اور اب اسے پیر کے روز بھیجا جائے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ / فائل تصویر
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 12 ممالک کے نام خط لکھا ہے، جس میں کچھ ایسا درج ہے جو کسی دھماکہ سے کم نہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے جو خط مختلف ممالک کے نام لکھا ہے، اس میں یہ درج کیا گیا ہے کہ متعلقہ ممالک پر کتنا ٹیرف لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس بارے میں امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ٹیرف سے متعلق یہ خط پیر کے روز بھیجا جائے گا۔ یعنی آئندہ پیر کے روز ’ٹیرف بم‘ پھوٹنے والا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے ٹیرف سے متعلق صاف کر دیا ہے کہ چاہے کسی ملک کو یہ قبول ہو یا نہ ہو، لیکن اس پر اب مزید غور و خوض نہیں ہوگا۔ اس ٹیرف کو قبول کرنا یا نہیں قبول کرنا اُن ممالک کے ہاتھ میں ہے۔ خبر رساں ایجنسی ’رائٹر‘ کے مطابق نیو جرسی کے راستے میں ایئرفورس وَن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے ان ممالک کی شناخت کرنے سے انکار کر دیا، جن کے نام خطوط لکھے گئے ہیں۔ انھوں نے ان ممالک کے نام پیر کو ظاہر کیے جانے کی بات کہی۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’میں نے کچھ خطوط پر دستخط کیے ہیں، اور وہ پیر کو جاری کیے جائیں گے۔ غالباً 12 بجے۔ ان پر الگ الگ اماؤنٹ، الگ الگ ٹیرف لگائے گئے ہیں۔‘‘
خبر رساں ایجنسی ’رائٹرس‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ نے اشارہ دیا تھا کہ کچھ خطوط جمعہ کو بھیجے جائیں گے، لیکن امریکہ میں قومی تعطیل کے سبب اسے ملتوی کر دیا گیا، اور اب یہ خطوط پیر کے روز ارسال کیے جائیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ رواں سال اپریل کے آغاز میں ہی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 200 سے زیادہ ممالک پر ٹیرف کا اعلان کر دیا تھا، لیکن بعد میں اسے 90 دنوں کے لیے روک دیا اور 10 فیصد بنیادی ٹیرف نافذ کر دیا۔ اب اس کی ڈیڈلائن 9 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔ اس ڈیڈلائن سے قبل بہت سے ممالک کے ساتھ امریکہ ٹریڈ ڈیل کرنے جا رہا ہے، جبکہ اب بھی بہت سے ممالک کے ساتھ ڈیل مکمل نہیں ہو پایا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔