غیر قانونی تارکین وطن خود ہی امریکہ چھوڑ دیں، ورنہ ہمیشہ کے لیے پابندی لگ جائے گی، ٹرمپ کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی بی پی ہوم ایپ لانچ کرتے ہوئے غیر قانونی تارکین وطن کو رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے کا موقع دیا ہے۔ ایسا نہ کرنے والوں پر دوبارہ داخلے پر زندگی بھر پابندی عائد ہوگی

ڈونلڈ ٹرمپ
ڈونلڈ ٹرمپ
user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف ایک اہم اقدام کا اعلان کرتے ہوئے سی پی بی ہوم ایپ لانچ کرنے کی اطلاع دی۔ یہ ایپ ان افراد کو رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے کا موقع فراہم کرتی ہے، جو غیر قانونی طور پر امریکہ میں مقیم ہیں۔ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ جو افراد اس آپشن کا فائدہ نہیں اٹھائیں گے، انہیں زبردستی ملک بدر کر دیا جائے گا اور دوبارہ امریکہ میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔

ٹرمپ نے کہا، ’’ہمارے ملک میں غیر قانونی طور پر رہنے والے افراد یا تو آسان طریقے سے خود ملک چھوڑ دیں یا پھر انہیں سخت طریقے سے نکالا جائے گا، جو خوشگوار نہیں ہوگا۔ جو افراد خود سے ملک چھوڑیں گے، انہیں مستقبل میں قانونی طور پر امریکہ میں واپس آنے کا موقع دیا جا سکتا ہے۔‘‘


ٹرمپ نے بتایا کہ سی بی پی ہوم ایپ کے ذریعے رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے سے سرکاری وسائل کی بچت ہوگی اور قانونی کارروائی کے پیچیدہ مراحل سے بچا جا سکے گا۔ یہ ایپ اب تمام موبائل ایپ اسٹورز پر مفت دستیاب ہے۔ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ بائیڈن انتظامیہ نے سی پی بی ون ایپ کے ذریعے 10 لاکھ سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو امریکہ میں داخل ہونے دیا تھا، جو ملکی سلامتی کے لیے خطرناک ہے۔

سی این این کے مطابق، ٹرمپ انتظامیہ کو غیر قانونی تارکین وطن کو جبری طور پر ملک بدر کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہری حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کئی افراد کی شناخت یا ان کے خلاف ثبوت پیش کیے بغیر ہی انہیں ملک بدر کر رہی ہے، جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ تارکین وطن کے اہل خانہ نے بھی انتظامیہ کے اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔