ٹرمپ کا مواخذہ: فریقین کے ابتدائی دلائل پیش، ٹرمپ کا گواہی دینے سے انکار!

امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف سینیٹ میں آیندہ ہفتے شروع ہونے والے ٹرائل سے قبل ان کے وکلا اور مواخذے کے منتظمین ڈیموکریٹک ارکان نے علیحدہ علیحدہ اپنے ابتدائی دلائل پیش کیے ہیں

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ / Getty Images
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

واشنگٹن: امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف سینیٹ میں آیندہ ہفتے شروع ہونے والے ٹرائل سے قبل ان کے وکلا اور مواخذے کے منتظمین ڈیموکریٹک ارکان نے علیحدہ علیحدہ اپنے ابتدائی دلائل پیش کیے ہیں۔ ادھر، ٹرمپ نے مواخذے پر سماعت کے دوران گواہی دینے سے انکار کر دیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق گزشتہ روز سینیٹ میں ڈیموکریٹک پراسیکیوٹر نے سابق صدر کے خلاف 77 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ پیش کی جس میں ٹرمپ پر مختلف الزامات عائد کیے گئے، تاہم سابق صدر کے وکلا نے ڈیموکریٹک ارکان کے الزامات مسترد کرتے ہوئے سینیٹ میں کارروائی کی آئینی حیثیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔


ٹرمپ کے اٹارنی کاسٹر جونیئر اور ڈیوڈ شوئن نے کانگریس (پارلیمنٹ) کے ایوان بالا کی استغاثہ کے خط کے جواب میں اطلاع دی ہے کہ ٹرمپ مواخذہ پر سماعت کے دوران گواہی نہیں دیں گے۔ کاسٹر جونیئر نے جمعرات کو خط کا جواب دیتے ہوئے لکھا ’’ہمیں آپ کے نئے تعلقات عامہ محکمہ کا خط ملا۔ ہمارے آئین کا استعمال کرنے کے لئے مبینہ طور پر مواخذے کی کارروائی کرنے کا کھیل کھیلنے کی کوشش کرنی بہت سنگین ہے‘‘۔

سینیٹ میں 9 فروری کو سابق صدر ٹرمپ کے خلاف ٹرائل شروع ہو گا جس میں فریقین مکمل دلائل دیں گے۔ ڈیموکریٹک پراسیکیوٹرز نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹرمپ نے انتخابی نتائج کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جو 6 جنوری کو بغاوت کا باعث بنا۔ سابق صدر کے نامناسب الفاظ اور اقدامات کی وجہ سے ان کے حامیوں نے کانگریس کی عمارت پر یلغار کی جب وہاں جو بائیڈن کی انتخابات میں کامیابی کی توثیق کا عمل جاری تھا۔ چارج شیٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتخابی مہم کے دوران تواتر سے کہتے رہے کہ اگر وہ ناکام ہوئے تو یہ دھاندلی اور سازش کی وجہ سے ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔