صدر ٹرمپ کی اپنے حامیوں سے تشدد نہ کرنے اور متحد رہنے کی اپیل، مواخذہ کا ذکر تک نہیں کیا!

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایوان نمائندگان کی طرف سے مواخذہ کو منظوری فراہم کئے جانے کے بعد پہلے رد عمل میں لوگوں سے متحد رہنے کی اپیل کی ہے

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ / Getty Images
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایوان نمائندگان کی طرف سے مواخذہ کو منظوری فراہم کئے جانے کے بعد پہلے رد عمل میں لوگوں سے متحد رہنے کی اپیل کی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے لوگوں سے تشدد سے اجتناب کرنے کی بھی گزارش کی ہے، تاہم انہوں نے مواخذہ کے حوالہ سے کچھ بھی کہنے سے گریز کیا۔ ایک ویڈیو کے ذریعے دئے گئے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میرا کوئی بھی سچا حامی سیاسی تشدد کی وکالت نہیں کر سکتا۔

ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرا کوئی سچا حامی ہمارے قانون اور ہماری عظیم امریکہ کے پرچم کی کبھی بے حرمتی نہیں کر سکتا۔ اگر آپ ایسا کوئی بھی کام کرتے ہیں تو آپ ہماری مہم میں مدد نہیں کر رہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آئیے ہم اپنے خاندانوں کی بہبود کے لئے متحد ہوکر آگے بڑھنے کا متبادل چنیں۔


خیال رہے کہ ڈیموکریٹک کنٹرولڈ امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے کیپیٹل ہل پر کئے گئے حملہ کے بعد ٹرمپ کےک خلاف تاریخی دوسرے مواخذہ پر بحث کے بعد اسے منظوری فراہم کر دی۔ مواخذہ 197 کے مقابلہ 232 ووٹوں سے منظور کر لیا گیا۔ ریپبلیکن کے 10 ارکان پارلیمنٹ نے بھی مواخذہ کے حق میں ووٹ دیا۔ اب سینیٹ میں 19 جنوری کو یہ قرارداد پیش کی جائے گی۔

صدر ٹرمپ نے بدھ کے روز منتخب صدر جو بائیڈن کی حلف برداری میں تشدد نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے تشدد اور کسی بھی قسم کی کشیدگی نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ قبل ازیں ٹرمپ نے پیر کے روز بائیڈن کی حلف برداری تقریب کو مدنظر رکھتے ہوئے واشنگٹن ڈی سی میں اسٹیٹ آف ایمرجنسی لگانے کا اعلان کیا تھا۔


قابل ذکر بات یہ ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی نے بائیڈن کی حلف برداری تقریب کے دوران تشدد کی وارننگ جاری کی تھی، جس کے بعد خطے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ حلف برداری کی تقریب کے دوران احتیاط کے طور پر کئی ہزار پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔

امریکی صدر نے کہا ’’احتجاجی مظاہروں کے خدشات کے پیش نظر میں اپیل کرتا ہوں کہ کوئی بھی کسی قسم کا تشدد نہ کرے اور نہ ہی قانون کو توڑے۔ یہ وہ نہیں ہے جس کے لئے میں کھڑا ہوں اور نہ ہی یہ وہ ہے جس کے لئے امریکہ کھڑا ہے ۔ میں تمام امریکیوں سے تناؤ کو کم کرنے اور امن برقرار رکھنے میں مدد کرنے کی اپیل کرتا ہوں‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */