حماس نے یرغمالیوں کو ہفتے تک نہ چھوڑا تو 'جہنم کے دروازے کھل جائیں گے'، ٹرمپ کی وارننگ

مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کو ہفتے تک 73 یرغمالیوں کو رہا کرنے کی ڈیڈلائن دی ہے۔ بصورت دیگر، انہوں نے جنگ بندی ختم کرنے اور حماس کے خاتمے کی وارننگ دی ہے

ڈونلڈ ٹرمپ
ڈونلڈ ٹرمپ
user

قومی آواز بیورو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر غزہ میں یرغمال بنائے گئے 73 افراد کو ہفتے کی دوپہر تک رہا نہیں کیا گیا تو وہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے خاتمے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اردن اور مصر غزہ کے فلسطینی پناہ گزینوں کو لینے سے انکار کرتے ہیں تو وہ ان کی مدد بھی روک سکتے ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب حماس نے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے یرغمالیوں کی رہائی معطل کر دی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ وہ معاہدے کی شرائط پوری کرے۔

رپورٹس کے مطابق، حماس کو جنگ بندی معاہدے کے تحت ہفتے کے روز مزید اسرائیلی یرغمالیوں کو آزاد کرنا تھا، تاہم اس اعلان کے بعد اسرائیلی عوام میں بے چینی بڑھ گئی ہے۔ تل ابیب میں سینکڑوں مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ یرغمالیوں کی رہائی یقینی بنائے۔

اسرائیلی وزیر دفاع یوآف گالانت نے فوج کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے، جبکہ وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے قومی سلامتی کے مشیروں اور وزراء کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔


مصر اور قطر اس جنگ بندی کے ضامن ہیں، جبکہ امریکہ بھی ثالثی کے عمل میں شامل ہے۔ مصری ذرائع کے مطابق، ثالثوں کو خدشہ ہے کہ اگر فریقین کے درمیان کشیدگی بڑھی تو جنگ بندی معاہدہ منسوخ ہو سکتا ہے۔ جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں اب تک 33 میں سے 16 یرغمالیوں کو رہا کیا جا چکا ہے، اور اس کے بدلے اسرائیل نے اپنی جیلوں سے متعدد فلسطینی قیدیوں کو آزاد کیا ہے۔

حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی روکنے کے اعلان نے خطے میں کشیدگی میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ ٹرمپ کے سخت موقف نے تنازعے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ اب یہ دیکھنا ہوگا کہ ہفتے کی ڈیڈلائن تک حالات کیا رخ اختیار کرتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔