ٹرمپ کا تہران خالی کرنے کا مشورہ، ایران کے جوہری معاہدے سے انکار کو سنگین غلطی قرار دیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو فوری طور پر تہران خالی کرنے کا مشورہ دیا۔ کہا- ’ایران نے جوہری معاہدے پر دستخط نہ کر کے سنگین غلطی کی اور اسے کبھی ایٹمی ہتھیار نہیں ملنے چاہئیں‘

ڈونلڈ ٹرمپ
i
user

قومی آواز بیورو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک سخت پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام افراد کو فوراً تہران کو خالی کر دینا چاہیے۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے ایران کو جوہری معاہدے پر دستخط نہ کرنے کے فیصلے کو ’شرمناک‘ اور ’انسانی جانوں کا ضیاع‘ قرار دیا۔

ٹرمپ نے لکھا، ’’ایران کو اس ’سودے‘ پر دستخط کر دینے چاہیے تھے، جس پر میں نے کہا تھا۔ یہ کتنی بڑی شرمندگی ہے اور انسانی جانوں کی کتنی بڑی بربادی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’سیدھے الفاظ میں، ایران کے پاس کبھی بھی ایٹمی ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔ میں یہ بات بار بار کہہ چکا ہوں! سب کو فوراً تہران خالی کر دینا چاہیے!‘‘

ٹرمپ کے اس بیان کو مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ایران اور اسرائیل کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اور سفارتی سطح پر صورتحال غیر یقینی بنی ہوئی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ امریکہ کے اندر بھی سلامتی کے ادارے ایران کے ممکنہ ردعمل پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹرمپ حال ہی میں جی-7 اجلاس میں شرکت کے لیے کینیڈا گئے تھے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اچانک وہاں سے روانہ ہو کر واپس امریکہ لوٹ آئے۔ ان کی واپسی کی بڑی وجہ مشرق وسطیٰ میں بدلتے حالات بتائی جا رہی ہے۔


اس سے قبل ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ایران اور اسرائیل کے درمیان امن قائم کرانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں، جیسا کہ انہوں نے ماضی میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے تجارتی بات چیت کے ذریعے کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے لکھا، ’’میں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تجارت کے ذریعے سمجھداری اور استحکام پیدا کیا۔ دو عظیم رہنماؤں کے ساتھ بات چیت سے ایک بڑا تصادم ٹل گیا۔ اسرائیل اور ایران کے درمیان بھی ایسا ہی معاہدہ جلد ممکن ہے۔‘‘

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے جوہری معاہدے پر میرے دور میں دستخط کیے ہوتے تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی۔ ان کے اس بیان سے بظاہر یہ تاثر مل رہا ہے کہ وہ موجودہ حالات کی ذمہ داری ایران کی قیادت پر ڈال رہے ہیں، جو ان کے مطابق جوہری معاہدے سے انکار کر کے سنگین غلطی کر چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔