امریکیوں کے سر سے انکم ٹیکس کا بوجھ ختم کرنا چاہتے ہیں ٹرمپ، ٹیرف کو بڑھاوا دینے پر زور

ٹرمپ نے کہا "ہمیں ہمارے شہریوں کو خوشحال کرنے کے لیے غیر ملکوں پر ٹیکس لگانا چاہیے۔" ٹیرف اور ٹیکس کو لے کر ٹرمپ کے منصوبوں پر کچھ ماہرین معاشیات نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ڈونالڈ ٹرمپ، تصویر یو این آئی</p></div>

ڈونالڈ ٹرمپ، تصویر یو این آئی

user

قومی آواز بیورو

امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہی ڈونالڈ ٹرمپ زبردست ایکشن موڈ میں ہیں۔ مسلسل بڑے بڑے فیصلے کیے جا رہے ہیں اور ان کا نفاذ بھی تیزی سے عمل میں آ رہا ہے۔ اب ایک اور بڑا فیصلہ سامنے آ سکتا ہے۔ دراصل ڈونالڈ ٹرمپ امریکہ میں انکم ٹیکس ختم کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ حالانکہ اس تعلق سے ابھی تک کوئی سرکاری حکم جاری نہیں کیا گیا ہے لیکن ٹرمپ نے پیر 27 جنوری کو فلوریڈا کے ڈورل میں منعقد 'ریپبلکن ایشیوز کانفرنس' میں اپنا ایجنڈا پیش کر دیا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس کو ختم کرکے ٹیرف کو بڑھاوا دیا جا سکتا ہے تاکہ اپنے شہریوں کے بجائے ہم دوسرے ملکوں سے آمدنی حاصل کر سکیں۔

ٹرمپ نے انکم ٹیکس ختم کرنے کی تجویز پیش کی ہے تاکہ امریکی شہریوں کی ڈسپوزیبل آمدنی کو بڑھایا جا سکے۔ ڈسپوزیبل آمدنی کا مطلب اس آمدنی سے ہے جو ٹیکس اور دوسرے سوشل سیکوریٹی چارجز دینے کے بعد بچتی ہے۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ اس قدم سے ہم اس نظام کو واپس لائیں گے جس کی وجہ سے امریکہ اور امیر ہوا ہے۔


ٹرمپ نے کہا "وقت آ گیا ہے کہ امریکہ اس سسٹم میں واپسی کرے جس نے ہمیں امیر اور پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور بنایا۔ غیر ملکوں کو خوشحال بنانے کے لیے ہمارے شہریوں سے ٹیکس لینے کے بجائے ہمیں ہمارے شہریوں کو خوشحال کرنے کے لیے غیر ملکوں پر ٹیکس لگانا چاہیے۔" انہوں نے کہا کہ امریکہ کی تاریخ میں 1870 سے 1913 کے درمیان ملک سب سے زیادہ امیر تھا۔ تب ٹیرف پر مبنی معیشت چل رہی تھی۔

ٹرمپ ٹیکس میں کٹوتی کی وکالت کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی اس کی وجہ سے محصول میں ہونے والی کمی کو امپورٹ ڈیوٹی سے پوری کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ حالانکہ ٹرمپ کی ٹیرف اور ٹیکس کو لے کر منصوبوں پر کچھ ماہرین معاشیات نے تشویش کا بھی اظہار کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔